Sports

محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ کیلئے منتخب، قندھار واریئرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں خرید لیا

محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ کیلئے منتخب، قندھار واریئرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں خرید لیا
۱ منٹ پہلے

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) 2026 کے پلیئرز ڈرافٹ میں پہلی مجموعی پک کے طور پر منتخب کرلیا گیا، قندھار واریئرز نے 34 سالہ پیسر کو پلاٹینم کیٹیگری میں ایک لاکھ ڈالر معاوضے پر اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ 

شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں  ہونے والے ڈرافٹ میں محمد عامر پہلی مجموعی پک قرار پائے، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے ٹورنامنٹ کے لیے برطانوی شہری کی حیثیت سے رجسٹریشن کرائی تھی، جبکہ ڈرافٹ رجسٹریشن کے ریکارڈ میں ان کی رہائش پاکستان درج ہے۔ 

افغانستان پریمیئر لیگ میں محمد عامر کنڈھار واریئرز کی نمائندگی کریں گے، جہاں ان کے ساتھ افغانستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی، انگلینڈ کے بیٹر جو کلارک اور جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر ڈیوائن پریٹوریئس بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ 

محمد عامر نے رواں سال مئی میں برطانوی شہریت حاصل کی تھی، جس کے باعث امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے این او سی حاصل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ 

سابق پاکستانی فاسٹ بولر اپنے بین الاقوامی کیریئر میں قومی ٹیم کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ 

محمد عامر نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ جون 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران آئرلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ 

دوسری جانب سفارتی کشیدگی کے باعث افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے خواہشمند دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کو پی سی بی کی جانب سے این او سی جاری کیے جانے کے امکانات کم بتائے جارہے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں