امریکی عوام نے تقسیم کے بجائے اتحاد کی سیاست کا پیغام دیا، باراک اوباما
سابق امریکی صدر باراک اوباما نے امریکی انتخابات کے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے تقسیم کے بجائے اتحاد کی سیاست کے حق میں واضح پیغام دیا ہے اور وہ اپنے رہنماؤں سے درپیش مسائل کے عملی حل کی توقع رکھتے ہیں۔
اپنے بیان میں باراک اوباما نے کہا کہ امریکی عوام ایسی سیاست چاہتے ہیں جو لوگوں کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کے بجائے انہیں متحد کرے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خواہش ہے کہ سیاسی رہنما محض اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے ملک اور شہریوں کو درپیش مسائل کے قابلِ عمل حل پیش کریں۔
سابق امریکی صدر کے مطابق ملک کے ہر خطے سے بہترین امیدوار سامنے آئے، جن میں سے ہر ایک مختلف سیاسی نظریات اور پس منظر کی نمائندگی کرتا ہے۔
باراک اوباما نے کہا کہ ان امیدواروں نے عوامی خدمت کو ترجیح دینے اور اپنے اپنے انتخابی حلقوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کرنے کا عہد کیا ہے۔
موجودہ امریکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کے پاس ابھی مزید دو سال اقتدار میں رہنے کا وقت موجود ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اس عرصے میں مثبت تبدیلیاں لانے اور مزید نقصان کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔