امریکی وسط مدتی انتخابات میں متعدد پاکستانی نژاد امیدوار بھی کامیاب
امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں پاکستانی نژاد امریکی امیدواروں نے مختلف ریاستوں کے قانون ساز اداروں میں کامیابیاں حاصل کرلیں، پنسلوانیا، کنیکٹیکٹ، ٹیکساس اور جارجیا میں متعدد پاکستانی امریکن امیدوار ریاستی اسمبلیوں اور سینیٹ کی نشستوں پر منتخب ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پنسلوانیا میں پاکستانی نژاد امریکی ڈیموکریٹ امیدوار مریم صبیح ریاستی سینیٹ کے ڈسٹرکٹ 2 سے رکن منتخب ہوگئیں۔
دوسری جانب پاکستانی امریکن سیاستدان سعود انور نے ریاست کنیکٹیکٹ کے ریاستی سینیٹ ڈسٹرکٹ 3 سے دوبارہ کامیابی حاصل کرکے اپنی نشست برقرار رکھی۔
ریاست ٹیکساس میں پاکستانی نژاد امریکی سیاستدان سلمان بھوجانی نے ریاستی اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 92 سے ایک مرتبہ پھر کامیابی حاصل کرلی۔
رپورٹ کے مطابق سلمان بھوجانی نے اپنے انتخابی حلقے میں 67 فیصد ووٹ حاصل کیے اور ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی میں اپنی نشست برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
اسی طرح پاکستانی امریکن امیدوار سلیمان لالانی بھی ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 76 سے دوبارہ منتخب ہوگئے۔
سلیمان لالانی نے اپنے انتخابی حلقے میں 67 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔
دوسری جانب امریکی ریاست جارجیا میں پاکستانی نژاد امیدوار فاروق مغل نے ریاستی اسمبلی کے ڈسٹرکٹ 105 سے کامیابی حاصل کرلی۔
رپورٹ کے مطابق فاروق مغل نے اپنے انتخابی حلقے میں 60.8 فیصد ووٹ حاصل کیے اور ریاستی اسمبلی کی نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔
امریکی وسط مدتی انتخابات کے دوران مختلف ریاستوں میں پاکستانی نژاد امیدواروں کی یہ کامیابیاں امریکی سیاست میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی انتخابی شرکت اور نمائندگی کو ظاہر کرتی ہیں۔