وفاقی کابینہ کی خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے اور 10 روپے کے سکے کی منظوری
وفاقی کابینہ نے ملک میں کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن اور 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران روزمرہ انتظامی امور چلانے کے لیے وزیراعلیٰ کو تفویض کردہ اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں انتظامی، مالیاتی، دفاعی اور قانون سازی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کی انجام دہی آسان بنانے اور گورننس میں مزید بہتری کے لیے وزیراعلیٰ کو تفویض کردہ اختیارات صوبے میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔
فیصلے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا ان اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔
وفاقی کابینہ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل، گورنر کی قیادت میں صوبے کے عوام کی بہتری، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کرے گی۔
اجلاس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کی گئی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ کویتی حکومت نے 19 جولائی کو اس معاہدے کی توثیق کی تھی۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر پاکستانی کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن کی منظوری دے دی۔
اجلاس کے دوران کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور ان میں مجوزہ تبدیلیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن تیار کرنے کے لیے ملک بھر سے مصوروں اور ڈیزائنرز کی تجاویز حاصل کی گئیں۔
وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے بھی نئے ڈیزائنوں کے حوالے سے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جعلی کرنسی نوٹوں کی روک تھام کے لیے نئے نوٹوں میں سیکیورٹی فیچرز کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ نوٹوں کی تیاری میں جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے ان کی مضبوطی اور استعمال کی مدت میں بھی اضافہ ہوگا۔
وفاقی کابینہ نے ایک اور اہم فیصلے کے تحت 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں (CCOSOEs) کے 26 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔
اس کے علاوہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے معاملات (CCLC) کے 22 جنوری، 26 فروری، 5 اگست، 18 اگست، 27 اگست، 11 ستمبر اور 22 ستمبر کو ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی گئی۔