پنجاب میں کرپشن پر چوہدری سالک کا بیان مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہوسکتا ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں کرپشن سے متعلق دیا گیا بیان کسی مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہوسکتا ہے، جس کا مقصد وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کو نشانہ بنا کر پنجاب اور وفاق میں اپنے لیے سیاسی جگہ پیدا کرنا اور اپنا سیاسی مستقبل محفوظ بنانا ہو۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری سالک حسین ان کے لیے نہایت قابل احترام ہیں اور وہ ان کے بزرگوں کو بھی اپنے بزرگوں جیسی عزت دیتے ہیں، تاہم پنجاب میں کرپشن سے متعلق ان کا بیان ان کی محدود سیاسی سمجھ سے بالاتر ہے۔
وزیر دفاع نے کرپشن کو معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس لعنت سے نجات دلانا وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام سیاسی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
خواجہ آصف نے نشاندہی کی کہ چوہدری سالک حسین وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کا حصہ ہیں، جبکہ دونوں حکومتوں کی قیادت پاکستان مسلم لیگ ن کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چوہدری سالک حسین کا یہ بیان کسی مستقبل کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد مریم نواز کی حکومت کو نشانہ بنا کر پنجاب اور وفاق میں اپنے لیے سیاسی جگہ پیدا کرنا اور اپنا سیاسی مستقبل محفوظ بنانا ہے، تو پھر اس بیان کی سمجھ آتی ہے۔
وزیر دفاع نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جس انداز میں پنجاب کے شہروں اور دیہات کے عوام کی خدمت کر رہی ہیں اور صوبائی حکومت عوامی خدمت کے جو نئے معیار قائم کر رہی ہے، وہ سیاسی مخالفین کے لیے ایک بہت مشکل چیلنج ثابت ہوں گے۔