Pakistan
شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز، جیل میں چہل قدمی کے دوران چکر آنے سے گر پڑے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت ناساز ہوگئی، وہ بیرک میں چہل قدمی کے دوران چکر آنے سے گر پڑے، جس کے نتیجے میں ان کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئی ہیں۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک نے بتایا کہ سابق وزیر خارجہ کی کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت ناساز ہے اور انہیں بیرک میں چہل قدمی کے دوران اچانک چکر آیا، جس کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر پڑے۔
بیرسٹر تیمور ملک کے مطابق گرنے کے نتیجے میں شاہ محمود قریشی کے گھٹنے اور بازو پر چوٹیں آئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جیل حکام نے شاہ محمود قریشی کے خون کے نمونے حاصل کرکے طبی معائنے کے لیے ہسپتال بھجوا دیے ہیں۔
بیرسٹر تیمور ملک کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کے سی ٹی سکین اور ضروری علاج معالجے کے لیے درخواست دائر کی جا رہی ہے۔