Sports

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: شاہین آفریدی ٹاپ 5 بولرز میں شامل، فخر زمان کی 9 اور حارث رؤف کی 5 درجے ترقی

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ: شاہین آفریدی ٹاپ 5 بولرز میں شامل، فخر زمان کی 9 اور حارث رؤف کی 5 درجے ترقی
۱ منٹ پہلے

پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی، اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر حارث رؤف نے آئی سی سی کی تازہ ون ڈے رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف حالیہ سہ ملکی سیریز میں شاندار کارکردگی کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کی انفرادی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ 

آئی سی سی کی تازہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سابق کپتان بابر اعظم 661 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بدستور نویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سلمان علی آغا 622 پوائنٹس کے ساتھ اپنی 13ویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ 

سہ ملکی سیریز میں 99 گیندوں پر 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے فخر زمان نے 9 درجے ترقی کرتے ہوئے 548 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 37ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ 

دوسری جانب محمد رضوان 2 درجے تنزلی کے بعد 532 پوائنٹس کے ساتھ 44ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ صائم ایوب 4 درجے نیچے آکر 68ویں، جبکہ شاداب خان ایک درجہ تنزلی کے بعد 93ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ 

عالمی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے شبھمن گل 841 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور بھارت کے ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔ 

بولرز کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ ترقی کے بعد 621 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور دنیا کے 5 بہترین ون ڈے بولرز میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ 

شاہین آفریدی نے حالیہ سہ ملکی سیریز کے 5 میچز میں 10 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کا اکانومی ریٹ 5.18 رہا۔ 

پاکستان کے سپنر ابرار احمد ایک درجہ تنزلی کے بعد 642 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر ترقی حاصل کرکے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 

افغانستان کے راشد خان ون ڈے بولرز کی عالمی درجہ بندی میں بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ 

پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھی نمایاں بہتری دکھاتے ہوئے 5 درجے ترقی حاصل کی ہے اور 540 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 24ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ 

حارث رؤف نے سہ ملکی سیریز کے 5 میچز میں 7 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کا اکانومی ریٹ 6.13 رہا۔ 

پاکستان کے دیگر بولرز میں نسیم شاہ 4 درجے تنزلی کے بعد 55ویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ عرفات منہاس 3 درجے نیچے آکر 71ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ 

محمد وسیم 4 درجے تنزلی کے بعد 85ویں، جبکہ محمد نواز 3 درجے نیچے آکر 94ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 

آئی سی سی کی تازہ ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں بھی متعدد پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔ 

سلمان علی آغا 3 درجے ترقی کے بعد 189 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی 3 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 175 پوائنٹس کے ساتھ 16ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ 

پاکستان کے عرفات منہاس نے آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں سب سے نمایاں ترقی حاصل کی ہے۔ وہ 36 درجے کی بڑی چھلانگ لگا کر 143 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 33ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 

دوسری جانب نسیم شاہ 4 درجے تنزلی کے بعد 42ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ 

ابرار احمد 2 درجے نیچے آکر 129 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 47ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ شاداب خان 4 درجے تنزلی کے بعد 54ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، جہاں حارث رؤف بھی ان کے ساتھ مشترکہ طور پر موجود ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں