Business

سعودی عرب نے پاکستان کا 3 ارب ڈالر قرض رول اوور کردیا، وزیر خزانہ

سعودی عرب نے پاکستان کا 3 ارب ڈالر قرض رول اوور کردیا، وزیر خزانہ
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کا 3 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کردیا ہے، جبکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈ سے اگلی قسط کی منظوری دسمبر میں ملنے کا امکان ہے۔ 

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب کے قرض کی واپسی کا معاملہ مناسب مدت کے لیے مؤخر ہوگیا ہے اور اس حوالے سے سعودی وزیر خزانہ کے ساتھ ان کی بہت اچھی ملاقات بھی ہوئی ہے۔ 

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جس نوعیت کے تعلقات ہیں، انہیں دیکھتے ہوئے کسی پریشانی کی ضرورت نہیں۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو فی الحال سعودی عرب سے مزید مالی معاونت کی ضرورت نہیں کیونکہ ملک کے پاس تین ماہ کی درآمدات کے لیے زرمبادلہ کا انتظام، یعنی امپورٹ کور، موجود ہے۔ 

بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں سے متعلق وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان کو ہر سال تقریباً ڈیڑھ ارب یورو کے یورو بانڈز کی ادائیگی کرنا ہوتی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ان ادائیگیوں کے لیے ایسے انتظامات کیے جائیں جن سے مستقبل میں آنے والی کسی بھی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے پاکستان کے لیے قرض کی اگلی قسط کی منظوری دسمبر میں متوقع ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں