پاکستان سٹاک ایکس چینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس 3994 پوائنٹس اضافے سے بند
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں بینچ مارک 100 انڈیکس 3 ہزار 994 پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 72 ہزار 13 پوائنٹس پر بند ہوا، جو تقریباً 2.38 فیصد اضافہ ہے۔
امریکی انتخابات کے نتائج، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور حصص کی پرکشش ویلیوایشن نے بازار میں تیزی کو تقویت دی۔
این بی پی فنڈز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر امجد وحید کے مطابق امریکی انتخابات کا نتیجہ اور خام تیل کی قیمتوں میں 10 فیصد کمی سٹاک مارکیٹ کے لیے حوصلہ افزا عوامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی پرکشش ویلیوایشن اور موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر سرمایہ کار محتاط انداز میں پُرامید رہ سکتے ہیں۔
ڈاکٹر امجد وحید کے مطابق مارکیٹ کا موجودہ پرائس ٹو ارننگ (پی ای) ریشو تقریباً 7 ہے، جبکہ تاریخی سطح 8 رہی ہے، جس کے باعث بازار سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔
کاروباری سرگرمیوں کے دوران 84 کروڑ شیئرز کے سودے 35 ارب روپے میں طے پائے۔
دوسری جانب مارکیٹ کیپٹلائزیشن 381 ارب روپے اضافے سے 18 ہزار 777 ارب روپے تک پہنچ گئی۔