Pakistan

خانیوال بیوٹیفکیشن منصوبے میں مبینہ گھپلے، مریم نواز کا ٹھیکیدار کی گرفتاری کا حکم

خانیوال بیوٹیفکیشن منصوبے میں مبینہ گھپلے، مریم نواز کا ٹھیکیدار کی گرفتاری کا حکم
۱ منٹ پہلے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خانیوال کے اکبر بازار بیوٹیفکیشن منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پیشگی ادائیگی وصول کرکے فرار ہونے والے ٹھیکیدار کی فوری گرفتاری اور رقم کی ریکوری کا حکم دے دیا، جبکہ سابق ڈپٹی کمشنر خانیوال کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 

رپورٹس کے مطابق اکبر بازار کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے منصوبے کا ٹھیکیدار ایڈوانس ادائیگی حاصل کرنے کے بعد فرار ہوگیا، جبکہ منصوبے کی تکمیل میں بھی غیر ضروری تاخیر ہوئی۔ 

وزیراعلیٰ نے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹھیکیدار کو پیشگی رقم کی ادائیگی میں سابق ڈپٹی کمشنر کے کردار کی تحقیقات کی جائیں اور سرکاری رقم کی واپسی یقینی بنائی جائے۔ 

اکبر بازار کا منصوبہ پنجاب حکومت کے صوبہ بھر میں جاری بیوٹیفکیشن اور شہری سہولیات کی بہتری کے اقدامات کا حصہ ہے، جن کے تحت سڑکوں، بازاروں، گرین بیلٹس، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات کی تزئین و آرائش پر کام کیا جا رہا ہے۔ 

اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے کے لیے ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام بھی شروع کر رکھا ہے، جس کے تحت کوڑا کرکٹ اٹھانے، صفائی کے انتظامات اور ویسٹ مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔ 

ان منصوبوں کا مقصد صوبے کے شہروں اور دیہات میں صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور بنیادی شہری سہولیات کا معیار بہتر بنانا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں