Pakistan

اسلام آباد کا کشمیر چوک انڈر پاس 27 روز میں مکمل، 5 نومبر سے ٹریفک بحال

اسلام آباد کا کشمیر چوک انڈر پاس 27 روز میں مکمل، 5 نومبر سے ٹریفک بحال
۱ منٹ پہلے

اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس کا منصوبہ صرف 27 روز میں مکمل کرلیا گیا ہے، جسے جمعرات 5 نومبر سے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ منصوبے کا مقصد اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان آمدورفت بہتر بنانا اور مصروف چوک پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنا ہے۔ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیس بک پر جاری بیان میں منصوبے کی تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انڈر پاس جمعرات سے فعال ہوجائے گا، جبکہ اطراف کی خوبصورتی اور شجرکاری کے لیے 6 ہزار نئے درخت اور پودے بھی لگائے گئے ہیں۔ 

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے مطابق منصوبے پر ایک ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئی، جبکہ ابتدائی تخمینہ ایک ارب 60 کروڑ روپے تھا۔ اس طرح منصوبہ تخمینے سے 20 کروڑ روپے کم لاگت میں مکمل ہوا۔ 

انڈر پاس کے علاوہ ٹریفک کی تقسیم اور مختلف راستوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے چار نئی سلپ روڈز بھی تعمیر کی گئی ہیں۔ 

نئے ٹریفک انتظام کے تحت سیرینا ہوٹل کی جانب سے آنے والی گاڑیاں انڈر پاس کے ذریعے فیض آباد کی سمت جاسکیں گی، جبکہ فیض آباد سے آنے والی ٹریفک انڈر پاس کی بالائی سڑک استعمال کرتے ہوئے مری کی جانب روانہ ہوگی۔ 

کشمیر چوک انڈر پاس مری روڈ پر اسلام آباد کلب کے قریب تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ مقام ڈھوکری چوک کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جہاں روزانہ تقریباً ایک لاکھ 7 ہزار گاڑیوں کی آمدورفت ہوتی ہے۔ 

گاڑیوں کے شدید دباؤ کے باعث اس چوک پر خصوصاً مصروف اوقات میں ٹریفک جام اور تاخیر کا سامنا رہتا تھا، جس میں نئے انڈر پاس اور سلپ روڈز کی تعمیر سے کمی آنے کی توقع ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں