Pakistan

ون کانسٹی ٹیوشن کا قبضہ حاصل کرلیا، عمارت کو فائیو سٹار ہوٹل بنائیں گے، محسن نقوی

ون کانسٹی ٹیوشن کا قبضہ حاصل کرلیا، عمارت کو فائیو سٹار ہوٹل بنائیں گے، محسن نقوی
۱ منٹ پہلے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد میں ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قبضہ حاصل کرلیا ہے اور آئندہ چند ماہ میں عمارت کو فائیو سٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔ وفاقی کابینہ اس معاملے سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ بھی منظور کرچکی ہے۔ 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے الزام عائد کیا کہ اسلام آباد میں سرکاری زمینوں پر قبضے سی ڈی اے کے بعض اہلکاروں کی وجہ سے ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق متاثرہ افراد کو ان کی واجب الادا رقوم واپس کی جائیں گی۔ 

وزیر داخلہ نے اس معاملے میں مکمل حمایت فراہم کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ فائیو سٹار ہوٹل کے منصوبے کے لیے ایک ملٹی نیشنل کمپنی سے عمارت کی مالیت کا تخمینہ لگوایا جائے گا، کیونکہ حکومت خود ہوٹل نہیں چلا سکتی۔ 

محسن نقوی نے واضح کیا کہ سرکاری زمین ہر صورت واگزار کرائی جائے گی اور کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹرز سی 14، سی 15 اور سی 16 میں بھی سرکاری اراضی سے قبضے ختم کرانے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم چیئرمین سی ڈی اے نے کارروائی کی اور حکومت نے ان کی مکمل معاونت کی۔ مقصد محض آپریشن شروع کرنا نہیں بلکہ اسے منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ 

اپنے عملے کی تعداد سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ ان کے ساتھ ایک چیف سکیورٹی افسر، ایک پرسنل سٹاف افسر اور ایک ڈائریکٹر کام کر رہے ہیں، جبکہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ساتھ 6 پرسنل سٹاف افسران تھے۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ صرف سوشل میڈیا کی خبروں پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ اگر ان کے سامنے 28 افراد کی فہرست پیش کی جاتی تو وہ اس دعوے کو تسلیم کرلیتے۔

 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں