Business

پاکستان کا بیرونی قرضہ 10 سال میں دگنا ہو گیا،عالمی بینک

پاکستان کا بیرونی قرضہ 10 سال میں  دگنا ہو گیا،عالمی بینک
۵ گھنٹے پہلے

عالمی بینک کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ 10 برسوں کے دوران پاکستان کا مجموعی بیرونی قرضہ تقریباً دگنا ہوکر 2025 میں 135 ارب 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔ 

عالمی بینک کی انٹرنیشنل ڈیٹ رپورٹ 2026 کے مطابق پاکستان کا بیرونی قرضہ 2015 میں 68 ارب 67 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھا، جو 2025 میں بڑھ کر 135 ارب 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہوگیا۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی بیرونی قرضے میں 107 ارب 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سرکاری اور حکومتی ضمانت کے تحت حاصل کیے گئے قرضوں پر مشتمل ہیں، جبکہ نجی شعبے کے غیر ضمانت شدہ قرضوں کا حجم 17 ارب 58 کروڑ ڈالر اور قلیل مدتی قرضوں کا حجم 10 ارب 45 کروڑ ڈالر رہا۔ 

سرکاری بیرونی قرضوں میں سے 56 ارب 83 کروڑ ڈالر کثیر ملکی مالیاتی اداروں، 42 ارب 43 کروڑ ڈالر دوسرے ممالک اور 7 ارب 80 کروڑ ڈالر نجی قرض دہندگان کے واجب الادا ہیں۔ 

چین پاکستان کو قرض دینے والا سب سے بڑا انفرادی ملک ہے، جس کے 22 ارب 40 کروڑ ڈالر پاکستان کے ذمے واجب الادا ہیں۔ اس کے علاوہ عالمی بینک کے 19 ارب 20 کروڑ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے 16 ارب 83 کروڑ ڈالر کے قرضے بھی شامل ہیں۔ 

رپورٹ کے مطابق سرکاری قرض دہندگان سے حاصل کیے گئے قرضوں کی واپسی کی اوسط مدت 16 سال اور شرح سود 3.6 فیصد ہے، جبکہ ادائیگی شروع کرنے سے پہلے چار سال کی رعایتی مدت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ 

اس کے برعکس نجی قرض دہندگان کے قرضوں پر اوسط شرح سود 8.6 فیصد ہے، جبکہ ان کی واپسی کی اوسط مدت صرف تین سال اور رعایتی مدت ایک سال ہے۔ 

عالمی بینک نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان پر مشتمل خطے میں قرضوں اور سود کی ادائیگی سے متعلق بعض اشاریوں میں بہتری آئی، تاہم بیرونی قرضوں کا مجموعی قومی آمدنی سے تناسب 2024 کے 26.7 فیصد سے بڑھ کر 2025 میں 29.4 فیصد ہوگیا۔ 

رپورٹ کے مطابق یہ ایک سال کے دوران کسی بھی خطے میں اس تناسب کا سب سے بڑا اضافہ ہے، جو بیرونی قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کی نشاندہی کرتا ہے۔ 

عالمی بینک کے مطابق 2025 میں چین نے پاکستان کو دیے گئے دو ارب ڈالر کے قرضوں کی واپسی کی مدت میں توسیع کی۔ 

اسی دوران عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے توسیعی فنڈ سہولت اور پائیداری و استحکام کی سہولت کے تحت پاکستان کو مجموعی طور پر 2.3 ارب ڈالر کے نئے قرضے فراہم کیے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں