World

بینک بحران پر پیراگوئے میں سیاسی بھونچال، صدر برطرف، گھر میں نظر بند

بینک بحران پر پیراگوئے میں سیاسی بھونچال، صدر برطرف، گھر میں نظر بند
۱۵ دن پہلے

جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں بڑے ڈیجیٹل بینک کے مالیاتی بحران نے سیاسی بھونچال پیدا کردیا، جس کے نتیجے میں صدر سینتیاگو پینا کو عہدے سے ہٹا دیا گیا اور چند ہی منٹ بعد انہیں گھر میں نظر بند کردیا گیا۔ 

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق پیراگوئے کی سینیٹ نے صدر سینتیاگو پینا کے مواخذے کی منظوری دی۔ ووٹنگ میں موجود تمام 44 سینیٹرز نے ان کی برطرفی کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ ایک سینیٹر اجلاس میں شریک نہیں تھا۔ 

سابق صدر پر بینک کے مالی معاملات میں مبینہ مداخلت، اختیارات کے ناجائز استعمال اور مفادات کے ٹکراؤ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ 

یہ سیاسی بحران پیراگوئے کے بڑے ڈیجیٹل بینک یوئینو بینک کی مالی مشکلات کے بعد شدت اختیار کرگیا۔ 

پیراگوئے کے مرکزی بینک نے 3 نومبر کو یوئینو بینک کے مالیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے باضابطہ کارروائی شروع کی تھی۔ 

مرکزی بینک کے مطابق یوئینو بینک کا سرمایہ جاتی تناسب قانونی طور پر درکار کم از کم سطح کے نصف سے بھی نیچے آگیا تھا، جس کے باعث ریگولیٹری مداخلت ضروری ہوگئی۔ 

بینک کے بحران سے تقریباً 30 لاکھ صارفین متاثر ہوئے، جنہیں اپنے اکاؤنٹس، بچتوں اور ادائیگی کی سہولتوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 

متاثرہ صارفین کی تعداد پیراگوئے کی بالغ آبادی کے ایک بڑے حصے کے برابر بتائی گئی ہے۔ 

رپورٹس کے مطابق بینک میں سرکاری اداروں اور پنشن فنڈز کی بھی سینکڑوں ملین ڈالر کی رقوم موجود تھیں، جس سے مالی بحران کے اثرات مزید سنگین ہوگئے۔ 

بینک کے بحران کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے اور صدر سینتیاگو پینا کے خلاف سیاسی دباؤ بڑھتا گیا۔ 

صدر کی برطرفی کے بعد نائب صدر پیڈرو الیانا نے ملک کی صدارت سنبھال لی۔ 

نئے صدر نے متاثرہ بینک صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی رقوم کے تحفظ اور مالی نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ 

دوسری جانب پیراگوئے کے مرکزی بینک نے متاثرہ کھاتہ داروں کو ڈپازٹ گارنٹی فنڈ کے تحت ابتدائی ادائیگیوں کا عمل بھی شروع کیا ہے۔ 

حکام کے مطابق مالیاتی بحران کی وجوہات اور ممکنہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سابق صدر کے خلاف عائد الزامات کا قانونی جائزہ لیا جارہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں