Pakistan

ربیعہ احسن سپردخاک، بھائی کا قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ، فائرنگ کو حادثہ قرار دے دیا

ربیعہ احسن سپردخاک، بھائی کا قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ، فائرنگ کو حادثہ قرار دے دیا
۲ گھنٹے پہلے

راولپنڈی میں مقتولہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ان کے بھائی نے فائرنگ کے واقعے کو اچانک پیش آنے والا حادثہ قرار دیتے ہوئے قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ دوسری جانب ربیعہ احسن کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں سپردخاک کردیا گیا۔ 

ربیعہ احسن کے بھائی کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر انہوں نے خود اپنے بہنوئی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا تھا، تاہم اب ان کا مؤقف ہے کہ فائرنگ جان بوجھ کر نہیں کی گئی تھی۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچانک حادثہ تھا اور ان کے بہنوئی نے قتل کی نیت سے گولی نہیں چلائی۔ 

مقتولہ کے بھائی کے مطابق ربیعہ احسن اور ان کے شوہر کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی یا جھگڑا نہیں تھا۔ 

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت ان کی دوسری بہن، والدہ، بھانجیاں اور گھریلو ملازم بھی موقع پر موجود تھے۔ 

بھائی کے نئے بیان کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات حادثاتی فائرنگ کے زاویے سے بھی شروع کردی ہیں۔ 

دوسری جانب عدالت نے ربیعہ احسن کے شوہر کو دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ 

عدالتی حکم کے بعد تھانہ صدر بیرونی کی پولیس ملزم کو مزید تفتیش کے لیے اپنے ساتھ لے گئی۔ 

ادھر راولپنڈی میں ربیعہ احسن کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 

مقتولہ کی نماز جنازہ اڈیالہ روڈ پر واقع جامع مسجد گلشن آباد میں ادا کی گئی۔ 

نماز جنازہ میں مقامی شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی اور ربیعہ احسن کو آخری عقیدت پیش کی۔ 

بعد ازاں ربیعہ احسن کو سپردخاک کردیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں