ترقیاتی فنڈز نہ ملے تو پنجاب حکومت کو عدالت لے جاؤں گا، حسین الہٰی
مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حسین الہٰی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے حلقے کے لیے ترقیاتی فنڈز جاری نہ کیے گئے تو وہ پوری پنجاب حکومت کو عدالت لے جائیں گے۔
گجرات کے علاقے اسلام نگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری حسین الہٰی نے پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ مریم نواز کو ترقیاتی فنڈز اور حکومتی اخراجات کے معاملے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے چوہدری سالک حسین کو عدالتوں میں گھسیٹنے کی بات کی ہے۔
چوہدری حسین الہٰی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں ان کے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 3 ارب روپے منظور کیے گئے تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرویز الہٰی نے اپنے دور حکومت میں گجرات کی ہر گلی میں ترقیاتی کام کروائے اور علاقے میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جہاز پر 11 ارب روپے خرچ کردیے، لیکن اسے عوام کی کوئی فکر نہیں۔
چوہدری حسین الہٰی نے کہا کہ لاہور میں بیٹھے حکمرانوں کو لاہور کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اگر ان کے حلقے کو ترقیاتی فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو وہ پنجاب حکومت کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔