متاثرہ خاندان کو صلح کے لیے دھمکیاں دینے پر مسٹر پتلو گرفتار
سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ میں معروف ٹک ٹاکر محمد انصر عرف مسٹر پتلو کو فراز گراؤنڈ سانحے کے متاثرہ خاندان کو صلح کے لیے مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا۔
سیالکوٹ پولیس کے مطابق تھانہ صدر ڈسکہ نے فراز گراؤنڈ سانحے میں جاں بحق ہونے والے محمد ریحان کے بہنوئی ابوبکر کی درخواست پر نیا مقدمہ درج کیا، جس کے بعد ملزم محمد انصر عرف مسٹر پتلو کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
درخواست گزار ابوبکر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے ایما پر متاثرہ خاندان کو سابقہ مقدمے میں صلح کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا تھا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔
اس معاملے کا تعلق چند روز قبل ڈسکہ کے فراز کرکٹ گراؤنڈ میں پیش آنے والے واقعے سے ہے، جہاں معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔
مین ڈسکہ سیالکوٹ روڈ پر واقع فراز گراؤنڈ میں ہونے والی اس تقریب کے دوران مبینہ بدنظمی، انتظامی شرائط کی خلاف ورزی اور بھگدڑ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے تقریب کے منتظمین اور ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
ابتدائی مقدمے میں مسٹر پتلو نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرلی تھی۔
تاہم بعد ازاں جاں بحق ہونے والے محمد ریحان کے بہنوئی ابوبکر نے پولیس کو نئی درخواست دی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ متاثرہ خاندان کو مقدمہ واپس لینے یا صلح کرنے کے لیے ہراساں کیا جارہا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ملزم کے ایما پر خاندان کو مزید جانی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
اس شکایت پر تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے متاثرہ خاندان کو مبینہ طور پر ڈرانے دھمکانے اور صلح کے لیے دباؤ ڈالنے کے الزامات کے تحت الگ مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے محمد انصر عرف مسٹر پتلو کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ گرفتاری فراز گراؤنڈ سانحے کے پہلے مقدمے کے بجائے متاثرہ خاندان کو مبینہ دھمکیاں دینے کے نئے مقدمے میں عمل میں آئی ہے۔
سیالکوٹ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی اور دوران تفتیش قانون و انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔