تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر 5 میں پانی داخل، تعمیراتی کام بند
تربیلا ڈیم میں ٹی 5 ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے پانی کا بڑا ریلہ سرنگ نمبر 5 میں داخل ہوگیا، جس کے بعد منصوبے پر جاری تمام تعمیراتی کام غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردیے گئے۔
واقعے کے فوری بعد ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد ریسکیو اور انتظامی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور صورت حال کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی کہ حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی سرنگ میں داخل ہوا، تاہم ہنگامی کارروائی کے ذریعے وہاں موجود تمام ملکی اور غیر ملکی اہلکاروں اور مزدوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
وسیم احمد کے مطابق سرنگ میں پانی بھرنے کے دوران ایک پاکستانی کارکن تیز بہاؤ میں بہہ گیا تھا، جسے ایمرجنسی ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرکے کامیابی سے بچالیا۔
واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حفاظتی بند میں شگاف پڑنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا واقعہ ڈھانچے کی کمزوری کے باعث پیش آیا یا اس کے پیچھے کوئی تکنیکی خرابی تھی۔
وسیم احمد کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی منصوبے کے حوالے سے آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی، واپڈا کا ایک اہم منصوبہ ہے، جو تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر 5 پر تعمیر کیا جارہا ہے۔
منصوبے کے تحت 510 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے 3 یونٹ نصب کیے جائیں گے، جن سے ڈیم کی پیداواری صلاحیت میں مجموعی طور پر 1530 میگاواٹ کا اضافہ ہوگا۔
مئی 2021 میں واپڈا نے اس منصوبے کے سول ورکس کا 35 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کا ٹھیکہ چین کی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا لمیٹڈ کو دیا تھا۔
منصوبے کی منظور شدہ مجموعی لاگت 80 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہے، جس کے لیے عالمی بینک نے 39 کروڑ ڈالر اور ایشیائی بنیادی ڈھانچہ سرمایہ کاری بینک نے 30 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی ہے۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد سالانہ اوسطاً ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
اس منصوبے سے تربیلا ڈیم کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6418 میگاواٹ ہوجائے گی۔
تاہم یہ منصوبہ پہلے ہی مختلف وجوہات کے باعث تاخیر کا شکار رہا ہے اور اس کی تکمیل کی تاریخ ستمبر 2027 تک بڑھائی جاچکی ہے۔
ستمبر 2024 میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ سرنگ نمبر 5 کو بند کرنے کے لیے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی، ارسا سے این او سی کے حصول میں مشکلات منصوبے کی تاخیر کی بڑی وجوہات میں شامل تھیں۔
اسی طرح اگست 2025 میں بھی تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث تعمیراتی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئی تھیں۔
اب حفاظتی بند میں شگاف اور سرنگ میں پانی داخل ہونے کے تازہ واقعے کے بعد تعمیراتی کام مکمل طور پر معطل کردیا گیا ہے، جبکہ انکوائری رپورٹ کے بعد مزید فیصلے کیے جائیں گے۔