Breaking News

مذاکرات سے پہلے امریکی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کا خاتمہ ضروری ہے، اسماعیل بقائی

مذاکرات سے پہلے امریکی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کا خاتمہ ضروری ہے، اسماعیل بقائی
۱ گھنٹے پہلے

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران کا دو روزہ منصوبہ انتہائی معقول تجاویز پر مبنی ہے، جبکہ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے امریکی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کسی صورت غیرمعقول نہیں۔ 

تہران میں پریس بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا ایرانی حقوق سے متعلق مطالبات کو غیرمعقول قرار دیتا ہے، حالانکہ ایران کی تجاویز معقول شرائط پر مبنی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے آغاز سے پہلے پابندیاں اور بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ غیرمعقول نہیں، بلکہ اصل غیرمعقول اقدام مذاکرات کے دوران جنگ شروع کرنا ہے۔ 

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ 

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ اگر امریکا ایران کے مطالبات تسلیم کرلیتا ہے تو آبنائے ہرمز میں سکیورٹی بحال ہوجائے گی۔ 

انہوں نے امریکی آئرن گیٹ ٹاسک فورس کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس اقدام کا مقصد امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔ 

ایرانی ترجمان نے کہا کہ امریکا کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ جنگ کی حمایت کس قدر مہنگی پڑ سکتی ہے۔ 

ان کے یہ بیانات ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات، اقتصادی پابندیوں، بحری ناکہ بندی اور آبنائے ہرمز کی سکیورٹی سے متعلق جاری کشیدگی کے دوران سامنے آئے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں