سکاٹ لینڈ کا بھی افغانستان سے دوطرفہ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ
انگلینڈ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے بعد سکاٹ لینڈ نے بھی افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
کرکٹ سکاٹ لینڈ کی جانب سے افغانستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں خواتین کی کرکٹ اور انسانی حقوق کی صورتحال کو فیصلے کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کرکٹ سکاٹ لینڈ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مقابلوں میں افغانستان کی ٹیم کے ساتھ شرکت جاری رکھے گا۔
تاہم کرکٹ سکاٹ لینڈ نے واضح کیا ہے کہ آئی سی سی مقابلوں میں افغان ٹیم کے خلاف کھیلنے کو افغانستان کی موجودہ حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔
کرکٹ سکاٹ لینڈ کے مطابق افغانستان میں خواتین کی کرکٹ اور انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری آنے تک افغان ٹیم کے ساتھ کوئی دوطرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلی جائے گی۔
سکاٹش کرکٹ بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ کسی ایسی تین ملکی کرکٹ سیریز میں شرکت نہیں کرے گا جس میں افغانستان کی ٹیم شامل ہوگی۔
اس کے علاوہ افغانستان کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ ٹریننگ کیمپس، پریکٹس میچز یا وارم اپ مقابلوں میں بھی شرکت نہیں کی جائے گی۔
کرکٹ سکاٹ لینڈ نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے حوالے سے بھی اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس لیگ میں سکاٹ لینڈ کے کھلاڑیوں کی شرکت کو افغان حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت نہیں سمجھا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے رواں سال جولائی میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل ٹریننگ کی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
تاہم کرکٹ سکاٹ لینڈ نے جولائی میں افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کی گئی یہ درخواست مسترد کردی تھی۔
کرکٹ سکاٹ لینڈ کے مطابق افغانستان سے متعلق فیصلے افغان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والے رابطوں کے بعد کیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ستمبر میں افغانستان کی جانب سے افغانستان پریمیئر لیگ کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر درخواست کی گئی تھی۔
کرکٹ سکاٹ لینڈ نے واضح کیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ خواتین کی کرکٹ اور انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری سے مشروط رہے گا، تاہم آئی سی سی مقابلوں میں افغان ٹیم کے خلاف شرکت جاری رکھی جائے گی۔