انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے نیپال کو بھی ہرا دیا،گروپ میں پہلی پوزیشن
انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نیپال کو 101 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 275 رنز بنائے اور نیپال کو جیت کے لیے 276 رنز کا ہدف دیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے احمد حسین اور کپتان فرحان یوسف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔
احمد حسین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 89 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور پاکستان کے ٹاپ سکورر رہے۔ وہ سنچری مکمل کرنے سے صرف 11 رنز قبل آؤٹ ہوگئے۔
کپتان فرحان یوسف نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 74 رنز بنائے اور ٹیم کا مجموعہ مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر پاکستانی بلے بازوں میں حسنین عباس دار نے 25، حمزہ ظہور نے 11، عبدالقادر نے 6، عثمان خان نے 4 اور جہانگیر بلال نے 2 رنز بنائے، جبکہ محمد صیام 2 اور رضوان اللہ 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5.50 کے رن ریٹ سے 275 رنز بنائے، جس میں 22 اضافی رنز بھی شامل تھے۔
276 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔
نیپال کی جانب سے روہت چند 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ نیرج کمار یادو نے 29، ابھے یادو نے 23، سوریانشو کوئرالہ نے 22 اور درش سونار نے 20 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں کپتان بپن شرما 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، سہیل کنور نے 14 اور آشیش لوہار نے 6 رنز سکور کیے۔
پاکستانی باؤلرز نے نیپالی بلے بازوں کو بڑی شراکتیں قائم کرنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 43.4 اوورز میں 174 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیپال کی آخری 2 وکٹیں بھی 174 رنز کے مجموعی سکور پر گریں، جب ابھے یادو اور سشیل راول آؤٹ ہوئے اور نیپال کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا۔
پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی غیرمعمولی کارکردگی دکھائی اور نیپالی بیٹنگ لائن کو شدید مشکلات سے دوچار کیا۔
احمد حسین نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں صرف 35 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور قومی ٹیم کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔
محمد صیام نے 5.4 اوورز میں 27 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حذیفہ نے 7 اوورز میں 40 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
رضوان اللہ نے بھی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 6 اوورز میں 23 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جبکہ نقاب شفیق اور حسنین عباس دار نے بھی نیپالی بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا۔
پاکستانی باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث نیپال کی ٹیم 276 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکی اور پاکستان نے میچ 101 رنز سے جیت لیا۔
احمد حسین کو 89 رنز کی شاندار اننگز اور 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
نیپال کے خلاف اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ میں مسلسل تیسری فتح اپنے نام کی اور گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔