Sports

پہلا ٹیسٹ: پاکستان نے 434 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی، سری لنکا کے 114 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ

پہلا ٹیسٹ: پاکستان نے 434 رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی، سری لنکا کے 114 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ
۱ منٹ پہلے

  پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل بھی کم روشنی کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا، کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنالیے۔

 

دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر کامیندو مینڈس 40 اور دھننجایا ڈی سلوا 22 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔

 

سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ پاسندو سوریابندارا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

 

اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سعود شکیل 93 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

 

دوسرے روز کھانے کے وقفے کے فوری بعد سعود شکیل 93 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔

 

پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے 52 اور غازی غوری نے 48 رنز بنائے، جبکہ رضا اللہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔

 

قومی ٹیم کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے 57 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ محمد طحہٰ نے 51 اور کپتان بابر اعظم نے 50 رنز سکور کیے۔

 

دیگر بلے بازوں میں اذان اویس نے 30 اور سلمان علی آغا نے 16 رنز بنائے۔

 

سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو اور مدوشانکا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لہرو کمارا، میلان رتھنایاکا اور سونال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر سری لنکا کو پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید 320 رنز درکار ہیں، جبکہ اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں