Pakistan

بریت کا فیصلہ کالعدم، ٹریفک اہلکار کو گاڑی تلے کچلنے پر عبدالمجیداچکزئی کو 10 سال قیدِ بامشقت

بریت کا فیصلہ کالعدم، ٹریفک اہلکار کو گاڑی تلے کچلنے پر عبدالمجیداچکزئی کو 10 سال قیدِ بامشقت
۴۸ منٹ پہلے

کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے ٹریفک اہلکار کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے میں سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنادی۔

 

عدالت نے سابق ایم پی اے کی بریت سے متعلق سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دے دیا۔

 

بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ٹریفک اہلکار عطا اللہ کی ہلاکت کے مقدمے میں عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف دائر اپیل پر فیصلہ سنایا۔

 

عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کا 4 ستمبر 2020 کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سابق ایم پی اے کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا۔

 

ہائیکورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنانے کے ساتھ مقتول ٹریفک اہلکار عطا اللہ کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔

 

عدالت نے سابق رکن صوبائی اسمبلی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور پولیس کو انہیں فوری گرفتار کرکے جیل منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔

 

مقدمے کے مطابق جون 2017 میں کوئٹہ کے جی پی او چوک، زرغون روڈ پر تیز رفتار لینڈ کروزر کی ٹکر سے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک اہلکار عطا اللہ جاں بحق ہوگئے تھے۔

 

واقعے کے بعد پولیس نے اس وقت کے رکن بلوچستان اسمبلی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عبدالمجید اچکزئی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا تھا۔

 

بعد ازاں 4 ستمبر 2020 کو کوئٹہ کی ماڈل کورٹ نے عدم ثبوت کی بنیاد پر عبدالمجید اچکزئی کو مقدمے سے بری کردیا تھا۔

 

سابق ایم پی اے کی بریت کے فیصلے پر عوامی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آیا تھا۔

 

تاہم بلوچستان ہائیکورٹ نے بریت کے خلاف اپیل پر سماعت مکمل کرنے کے بعد ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

 

ہائیکورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت اور مقتول کے ورثا کو دیت کی ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری اور جیل منتقلی کی ہدایات جاری کردیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں