شہباز شریف سے پہلے جو وزیراعظم تھا، اس نے ہمیں سیلاب میں ایک روپیہ نہیں دیا، بلاول بھٹو
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر تعمیر کردیے ہیں اور اس منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی، جبکہ انہوں نے عالمی اداروں اور کرپشن کی نگرانی کرنے والے اداروں کو منصوبے کا جائزہ لینے کا چیلنج بھی دے دیا۔
کراچی میں سیلاب متاثرین کو 10 لاکھ گھر فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے تاریخ رقم کردی ہے اور یہ دنیا میں ہاؤسنگ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت 10 لاکھ گھر تعمیر کرچکی ہے، جبکہ منصوبہ مکمل ہونے پر گھروں کی مجموعی تعداد 20 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا معاشی بحران اور بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا کررہی ہے، ایسے حالات میں گھر کی سہولت غریب خاندانوں کے لیے ایک اہم تحفظ فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صرف گھر تعمیر نہیں کیے بلکہ ایسے افراد کو گھروں کا مالک بھی بنایا ہے جن کے پاس پہلے مالکانہ حقوق موجود نہیں تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق یہ زمین کی ملکیت منتقل کرنے کا ایک بہت بڑا منصوبہ ہے، جس کے تحت گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام منتقل کیے گئے ہیں اور ان کے بینک اکاؤنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف رہائش فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر مضبوط بنانے کا بھی ذریعہ ہے، جبکہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر سے روزگار کے بڑے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان پیپلز پارٹی کا بنیادی وعدہ ہے اور ان کی جماعت غریب عوام کو ترجیح دینے پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض سیاستدان سمجھتے ہیں کہ امیر طبقے کو سہولتیں دینے سے ملک ترقی کرے گا، لیکن ان کے نزدیک غریب عوام کو معاشی طور پر مضبوط بنانے سے حقیقی ترقی ممکن ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو کاروباری اور امیر طبقے کے بجائے عام آدمی کی ضروریات کو اہمیت دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام سیاسی جماعتوں کی طرف اپنے مسائل کے حل کے لیے دیکھ رہے ہیں، نہ کہ اس لیے کہ سیاسی رہنما آپس میں لڑتے رہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ سیلاب کے دوران متاثرین سے وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں گھر بنا کر دیے جائیں گے اور سندھ حکومت نے تین سال میں 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔
تعلیم کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2023 کے سیلاب میں سندھ کے تقریباً 50 فیصد تعلیمی ادارے تباہ ہوگئے تھے، جنہیں دوبارہ تعمیر کیا گیا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ سندھ میں شرح خواندگی کم ہے اور بڑی تعداد میں بچے سکولوں سے باہر ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں بار بار آنے والے سیلاب تعلیمی نظام کو شدید متاثر کرتے رہے ہیں۔
بلاول کے مطابق سندھ حکومت کو ہر بڑے سیلاب کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ تعمیر کرنا پڑے، جبکہ دیگر صوبوں کو اس نوعیت کے حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے سندھ اور بلوچستان میں سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں وفاقی حکومت نے تعمیر نو کی ذمہ داری لی، جبکہ سندھ میں صوبائی حکومت نے یہ کام اپنے ذمے لیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت نے تین سال میں بلوچستان میں 30 ہزار گھر تعمیر کیے، جبکہ سندھ حکومت نے اسی مدت میں 10 لاکھ گھر بنائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب کے بعد سندھ اور بلوچستان کے فضائی دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہر طرف پانی ہی پانی تھا اور ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے سمندر کے اوپر سے گزر رہے ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے بعد دونوں صوبوں کی تعمیر نو کے لیے فنڈز حاصل کرنے کی کوششیں کی گئیں اور عالمی بینک نے اس وقت سندھ حکومت پر اعتماد کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون اور عالمی اداروں کی مدد سے یہ منصوبہ ممکن ہوا۔
منصوبے میں کرپشن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی مخالفین سندھ حکومت پر الزام لگاتے رہے کہ یہ منصوبہ پیسہ بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ عالمی اداروں اور کرپشن کی نگرانی کرنے والی تنظیموں کو باضابطہ طور پر دعوت دی جائے کہ وہ منصوبے کا احتساب اور نگرانی کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا کہ اس ہاؤسنگ منصوبے میں عوام کے لیے گھر تعمیر کیے گئے ہیں اور کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی سب سے زیادہ کردارکشی کی جاتی ہے، جبکہ مخالفین کو تنقید کے بجائے یہ سیکھنا چاہیے کہ غریب عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔ شہباز شریف سے پہلے جو وزیراعظم تھا اس نے سیلاب میں ہمیں ایک روپیہ نہیں دیا۔ شہباز شریف سے پہلے جو وزیراعظم تھا انہوں نے کہا کہ سندھ ہمارا نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی کے بجائے مل کر عوام کے مسائل حل کریں اور ملک کی ترقی کے لیے تعاون کو ترجیح دیں۔