صوابی: پرانی دشمنی پر چلتی گاڑی پر فائرنگ، پیش امام سمیت 4 افراد جاں بحق
صوابی: خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں پرانی دشمنی کے باعث چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں پیش امام سمیت4 افراد جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ واقعے کے خلاف لواحقین اور شہریوں نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صوابی میں جہانگیرہ روڈ پر نیشنل بینک کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر دیرینہ خاندانی دشمنی کی بنیاد پر مخالفین نے چلتی گاڑی کو گھات لگا کر نشانہ بنایا۔
حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جن میں ایک مقامی مسجد کے پیش امام، ایک خاتون اور مخالف فریق کے خلاف مقدمے کے مدعی کے 2 ذاتی محافظ شامل ہیں۔
فائرنگ کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے کے بعد مقتولین کے لواحقین اور مقامی شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور انہوں نے قتل کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔
مظاہرین نے جاں بحق افراد کی لاشیں امن چوک صوابی میں سڑک پر رکھ کر دھرنا دیا اور چوک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس سے علاقے میں آمدورفت متاثر ہوئی۔
احتجاج کرنے والے شہریوں نے مطالبہ کیا کہ فائرنگ میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
مظاہرین نے علاقے میں امن و امان کی خراب صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی صوابی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کا تعلق پرانی دشمنی سے بتایا جارہا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔