Pakistan

شاہ محمود قریشی بیرک میں گر گئے، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل

شاہ محمود قریشی  بیرک میں گر گئے، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل
۳۹ منٹ پہلے

لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مختلف طبی ٹیسٹوں اور تفصیلی معائنے کے لیے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کردیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق چند روز قبل جیل میں قیام کے دوران شاہ محمود قریشی کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی اپنی بیرک میں چہل قدمی کررہے تھے کہ اچانک چکر آنے کے باعث توازن برقرار نہ رکھ سکے اور زمین پر گر پڑے۔

 

بیرک میں گرنے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں، خصوصاً ان کے گھٹنے اور بازو پر شدید چوٹیں لگیں۔

 

واقعے کے فوراً بعد جیل حکام نے شاہ محمود قریشی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور ان کے خون کے نمونے حاصل کیے۔

 

جیل حکام کی جانب سے خون کے نمونے تجزیے کے لیے شوکت خانم ہسپتال بھجوائے گئے تھے۔

 

ذرائع کے مطابق اب شاہ محمود قریشی کو مزید تفصیلی طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹوں کے لیے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا ہے۔

 

ہسپتال میں ماہر ڈاکٹرز سابق وزیر خارجہ کا طبی معائنہ کررہے ہیں تاکہ ان کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے اور مزید ضروری طبی اقدامات کا تعین کیا جاسکے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں