ویکسین کی خریداری میں بے ضابطگیاں ہوئیں، ملوث افسران گرفتار کر لیے، وزیر صحت
اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ویکسین کی خریداری میں 10 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ خریداری کے عمل میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی ضرور ہوئی، تاہم قومی خزانے کو کوئی مالی نقصان نہیں پہنچا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے وزارت صحت کے حوالے سے ویکسین کی خریداری کا معاملہ زیر بحث ہے، اس لیے وہ تمام حقائق قوم کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ اور متعلقہ دستاویزات وزارت صحت کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائیں گی اور میڈیا کو بھی فراہم کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں، خصوصاً عمرہ زائرین کی ویکسینیشن کے لیے خریداری کا عمل شروع کیا گیا تھا۔
ان کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز نے وزیراعظم آفس کے مراسلے کی روشنی میں وزارت صحت کو ویکسین کی خریداری سے متعلق خط لکھا تھا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزارت صحت نے 9 مئی کو پروکیورمنٹ کمیٹی قائم کی، جبکہ خریداری سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کی سربراہی میں الگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تقریباً ایک ماہ بعد ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے اپنی الگ پروکیورمنٹ کمیٹی اور اعتراضات کا جائزہ لینے کے لیے دوسری کمیٹی قائم کردی، جس کے نتیجے میں وزارت صحت کی قائم کردہ کمیٹی کو نظرانداز کیا گیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس عمل میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے قواعد اور متعلقہ قانونی طریقہ کار کی خلاف ورزی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ معاملہ عدالت تک پہنچنے کے بعد وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دی، جس نے خریداری کے پورے عمل کا جائزہ لیا۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق انکوائری میں سامنے آیا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کے بعض افسران نے وزارت صحت کو بائی پاس کیا اور خریداری کے لیے مقررہ قواعد پر مکمل عمل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس انتظام میں نادرا کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شامل کیا گیا تھا اور شہریوں سے ویکسین کی مد میں وصول ہونے والی رقم نادرا کے اکاؤنٹ میں جمع ہورہی تھی۔
وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ شہریوں سے وصول کیے گئے 18 کروڑ 30 لاکھ 55 ہزار روپے تاحال نادرا کے اکاؤنٹ میں محفوظ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ رقم کسی کو جاری نہیں کی گئی اور ویکسین فراہم کرنے والی کمپنی کو بھی اب تک ایک روپیہ ادا نہیں کیا گیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انکوائری میں خریداری کے عمل میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، لیکن قومی خزانے کو کسی نقصان کا ثبوت سامنے نہیں آیا۔
انہوں نے 10 ارب روپے کی ویکسین خریداری یا اتنی ہی رقم کی رشوت لینے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں بھی 10 ارب روپے کی کرپشن کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
ویکسین کی قیمتوں کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایک ویکسین کی اصل قیمت 1300 روپے بتائی گئی، جبکہ اسی ویکسین کو 2500 روپے میں خریدنے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ وزارت مذہبی امور نے گزشتہ برس یہی ویکسین تقریباً 2290 روپے میں خریدی تھی، جبکہ خریداری کی قیمت 2300 سے 2500 روپے کے درمیان رہی تھی۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق اس حوالے سے سیکرٹری مذہبی امور سے بھی تصدیق کرائی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کی پروکیورمنٹ کمیٹی میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کا نمائندہ بھی شامل تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ویکسین مہنگے داموں خریدنے کے معاملے پر اندرونی انکوائری کرائی گئی، جس میں وزارت صحت کے تمام متعلقہ شعبوں اور انٹیلی جنس بیورو کو شامل کیا گیا۔
ان کے مطابق گزشتہ چار برس کے دوران پروکیورمنٹ کمیٹیوں میں ڈریپ حکام کے کردار کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ ان کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جاسکے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انکوائری میں پروکیورمنٹ کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ افسران کی ذمہ داریوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ بعد میں آنے والے ڈائریکٹر نے بھی خریداری کے انتظامات کی توثیق کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت نے انکوائری کمیٹی کی تمام سفارشات پر عمل درآمد کردیا ہے اور نئی پروکیورمنٹ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔
وفاقی وزیر صحت کے مطابق وزیراعظم آفس سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں، جس کے بعد معاملے میں ملوث قرار دیے گئے افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔
مصطفیٰ کمال نے یقین دہانی کرائی کہ انکوائری رپورٹ اور متعلقہ ریکارڈ عوام اور میڈیا کے سامنے رکھا جائے گا تاکہ ویکسین کی خریداری اور شہریوں سے وصول کی گئی رقم سے متعلق تمام حقائق واضح ہوسکیں۔