دوسری عالمی جنگ میں لاپتہ امریکی فوجیوں کی باقیات 80 سال بعد امریکا کے حوالے
چینگ ڈو: چین نے دوسری عالمی جنگ کے دوران ہمالیہ کے خطرناک فضائی راستے ’ہمپ روٹ‘ پر لاپتہ ہونے والے امریکی فضائی اہلکاروں کی باقیات 80 سال سے زائد عرصے بعد امریکا کے حوالے کردی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق باقیات امریکا پہنچنے کے بعد ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹنگ، تاریخی شواہد کا جائزہ اور فوجی ریکارڈ سے موازنہ کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فضائی اہلکاروں کی شناخت کی تصدیق ہونے کے بعد ہی ان کے اہل خانہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
جنوب مغربی چین کے شہر چینگ ڈو میں منگل کو باقیات کی حوالگی کے لیے ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چینی اعزازی محافظ انسانی باقیات پر مشتمل ایک صندوق اٹھا کر لائے۔
تقریب کے دوران امریکی اعزازی دستے نے صندوق وصول کیا اور اسے امریکی پرچم سے ڈھانپ دیا۔صندوق میں انسانی ہڈیوں کے 8 ٹکڑے موجود تھے، جو سطح سمندر سے 5 ہزار میٹر سے زیادہ بلندی پر واقع ایک گلیشیئر سے برآمد کیے گئے تھے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ یہ باقیات دوسری عالمی جنگ کے دوران ہمپ روٹ پر لاپتا ہونے والے امریکی فضائی اہلکاروں کی ہیں، جو 80 برس سے زائد عرصے تک پہاڑوں میں موجود رہیں۔
تقریب کے دوران چینی پیپلز لبریشن آرمی کے آرکائیوز کے ڈائریکٹر ہے جیانگ اور امریکی دفاعی ادارے ڈیفنس پی او ڈبلیو/ایم آئی اے اکاؤنٹنگ ایجنسی کے فرانزک ماہر کیپٹن کولن الیگزینڈر ایلیٹ نے باقیات کی منتقلی کے سرکاری دستاویزات پر دستخط کیے۔
ہمپ روٹ 1942 میں اس وقت قائم کیا گیا تھا جب جاپانی افواج نے برما، موجودہ میانمار، پر قبضہ کرلیا تھا، جس کے باعث چین کا بیرونی دنیا سے زمینی رابطہ تقریباً منقطع ہوگیا تھا۔
بھارت کی ریاست آسام سے چین کے شہر کنمنگ تک پھیلا یہ فضائی راستہ دوسری عالمی جنگ کے دوران اتحادی افواج کی جانب سے چین کو فوجی سازوسامان اور دیگر رسد پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ بن گیا تھا۔
تاہم ہمالیہ کے برف پوش پہاڑ، گہری وادیاں، گلیشیئرز، شدید ہوائی جھکڑ، ژالہ باری اور انتہائی سرد موسم اس راستے کو غیر معمولی طور پر خطرناک بناتے تھے۔
انہی خطرناک موسمی اور جغرافیائی حالات کے باعث ہمپ روٹ کو ’موت کا راستہ‘ بھی کہا جاتا تھا۔تخمینوں کے مطابق اس فضائی راستے پر ایک ہزار سے زیادہ چینی اور امریکی فضائی عملے کے ارکان ہلاک ہوئے تھے۔
دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور شدید موسمی حالات کے باعث بہت سے فضائی اہلکاروں کی باقیات کبھی برآمد نہیں کی جاسکیں۔حال ہی میں امریکا کے حوالے کی جانے والی باقیات چین کے صوبہ سیچوان کے نجی جیان چھوان میوزیم کی جانب سے تشکیل دی گئی ایک تلاش ٹیم نے دریافت کی تھیں۔
تلاشی ٹیم کو یہ باقیات جنوب مغربی چین کے تبت خودمختار علاقے کے شہر نینگچی کے گلیشیئرز میں ملیں۔ٹیم نے انسانی باقیات کی تلاش کے لیے گھنے جنگلات، تیز بہتے دریاؤں اور خطرناک گلیشیئرز سے گزرتے ہوئے متعدد مہمات چلائیں۔
کئی کوششوں کے بعد تلاش کرنے والی ٹیم انسانی ہڈیوں کے ٹکڑے برآمد کرنے میں کامیاب ہوئی، جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ دوسری عالمی جنگ میں لاپتا ہونے والے امریکی فضائی اہلکاروں سے تعلق رکھتے ہیں۔
چین اور امریکا 1970 کی دہائی سے دوسری عالمی جنگ کے دوران لاپتہ ہونے والے امریکی فوجیوں کی تلاش اور ان کی شناخت کے لیے تعاون کررہے ہیں۔
چینی حکام کے مطابق یہ مشترکہ کوششیں اس تاریخی دور کی یاد دلاتی ہیں جب چین اور امریکا نے جاپانی فوجی توسیع پسندی کے خلاف مل کر جنگ لڑی تھی۔
جیان چھوان میوزیم کے سربراہ فان جیان چھوان نے کہا کہ یہ باقیات نہ صرف فسطائیت کے خلاف جنگ کی گواہ ہیں بلکہ چینی اور امریکی عوام کی مشترکہ جدوجہد کی یاد بھی دلاتی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی فرانزک ماہر کیپٹن کولن الیگزینڈر ایلیٹ نے کہا کہ یہ باقیات اس تاریخی دور کی نمائندگی کرتی ہیں جب امریکی اور چینی عوام نے جارحیت کے خلاف شانہ بشانہ لڑائی لڑی تھی۔