World

نیویارک میں تین منزلہ عمارت منہدم، 8 افراد ہلاک، 17 زخمی، ملبے تلے مزید افراد کی تلاش جاری

نیویارک میں تین منزلہ عمارت منہدم، 8 افراد ہلاک، 17 زخمی، ملبے تلے مزید افراد کی تلاش جاری
۴ گھنٹے پہلے

نیویارک: امریکی شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں تین منزلہ عمارت منہدم ہونے سے کم از کم 8 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے، جبکہ ملبے تلے ممکنہ طور پر پھنسے افراد کی تلاش جاری ہے۔

 

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق زخمیوں میں 3 فائر فائٹرز بھی شامل ہیں، جبکہ 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

 

حادثہ بدھ کی سہ پہر تقریباً 4 بجے بروکلین کے علاقے فلیٹ بش میں پیش آیا، جہاں تین منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوکر ساتھ واقع تعمیراتی مقام پر جاگری۔

 

عمارت گرنے کے نتیجے میں دونوں مقامات پر موجود متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جس کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔

 

جمعرات کی صبح امدادی کارکنوں نے ملبے سے مزید لاشیں نکالیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 8 ہوگئی۔

 

حکام کے مطابق حادثے سے متاثر ہونے والوں میں کم از کم 7 بچے بھی شامل ہیں، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہلاک ہونے والوں میں کوئی بچہ بھی شامل ہے یا نہیں۔

 

ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری، کھدائی کرنے والے آلات اور دیگر وسائل کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ عمارت کے ملبے تلے مزید کتنے افراد دبے ہوسکتے ہیں۔

 

امدادی کارروائیوں کے دوران فائر فائٹرز نے ملبے سے لوگوں کو نکال کر سٹریچرز پر منتقل کیا، جبکہ بعض افراد کو سیڑھیوں کی مدد سے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔

 

نیویارک فائر ڈپارٹمنٹ کے کمشنر نے امدادی کارروائیوں کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ عمارت کے مزید حصے بھی گرنے کا خدشہ موجود ہے۔

 

حکام نے عمارت منہدم ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

شہر کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق یہ عمارت 1930 میں تعمیر کی گئی تھی اور اس میں چار رہائشی جبکہ ایک تجارتی یونٹ موجود تھا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں