World

غزہ کے ناصر ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملہ، سرجن سمیت 5 فلسطینی شہید، 20 زخمی

غزہ کے ناصر ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملہ، سرجن سمیت 5 فلسطینی شہید، 20 زخمی
۱۳ گھنٹے پہلے

غزہ: جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں واقع ناصر ہسپتال کی ایک عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 5 فلسطینی جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

 

حماس کے زیرانتظام سول ڈیفنس ادارے کے ایک عہدیدار نے برطانوی نشریاتی ادارے  کو بتایا کہ جمعرات کی صبح ایک جنگی طیارے سے داغا گیا میزائل ہسپتال کی اس عمارت سے ٹکرایا جہاں سرجیکل وارڈز اور انتہائی نگہداشت کے شعبے قائم تھے۔

 

سول ڈیفنس کے مطابق حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک سرجن بھی شامل ہے۔

 

واقعے کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ بی بی سی کے مطابق اسرائیلی فوج سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

 

سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے اس سے قبل خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ حملے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔تاہم بعد ازاں بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 5 بتائی۔

 

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں ہسپتال کی عمارت کے اندر دھواں اٹھتا ہوا اور دوسری منزل پر بڑے پیمانے پر تباہی دیکھی جاسکتی ہے۔ویڈیوز میں دھماکے کے بعد طبی آلات اور ہسپتال کے بستر متاثرہ حصے میں بکھرے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

 

مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کا ممکنہ ہدف حماس کا ایک سینیئر سکیورٹی عہدیدار تھا، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

 

اسرائیل ماضی میں حماس پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ ہسپتالوں کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے، جبکہ حماس ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔

 

ناصر میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کو عمودی انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مرد و خواتین کے سرجیکل وارڈز اور انتہائی نگہداشت کے شعبوں کو شدید نقصان پہنچا۔

 

ناصر ہسپتال جنوبی غزہ کا سب سے بڑا طبی مرکز ہے، جہاں علاقے کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں