لاہور،نجی وائلڈ لائف فارم پر شیرنی کے حملے سے19 سالہ ملازم جاں بحق، مالک اور ٹک ٹاکر گرفتار
لاہور: لاہور کے علاقے کاہنہ میں واقع نجی فارم ہاؤس پر شیرنی کے حملے سے 19 سالہ ملازم جاں بحق ہوگیا، جبکہ پولیس نے فارم ہاؤس کے مالک اور ایک ٹک ٹاکر کو گرفتار کرلیا۔
واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جب نجی وائلڈ لائف بریڈنگ فارم میں موجود شیرنی قابو سے باہر ہوگئی اور فارم کے ملازم طلحہ پر حملہ کردیا۔
حملے کے نتیجے میں 19 سالہ طلحہ شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پنجاب وائلڈ لائف حکام نے قانونی کارروائی شروع کردی۔وائلڈ لائف حکام کے مطابق پولیس نے بریڈنگ فارم کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان فیصل کامران نے بتایا کہ کاہنہ پولیس نے فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق نعمان ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچا تھا، جہاں اس دوران شیرنی قابو سے باہر ہوگئی اور فارم کے ملازم طلحہ پر حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور شیرنی کو فارم ہاؤس سے وائلڈ لائف حکام کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے انکشاف کیا کہ واقعے کی اصل حقیقت چھپانے کے لیے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔
فیصل کامران کے مطابق واقعے کے مشکوک حالات کی جانچ پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ نوجوان کو کتے نے نہیں بلکہ شیرنی نے حملہ کرکے زخمی کیا تھا۔پولیس نے متوفی طلحہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردی ہے۔
حکام کے مطابق واقعے سے متعلق قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ فارم ہاؤس میں شیرنی رکھنے کے اجازت نامے، حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاک کا شوق کسی انسانی جان سے بڑھ کر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ واقعے کی حقیقت چھپانے کی کوشش اور غفلت کے تمام پہلوؤں کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ شوق یا تفریح کے نام پر کسی بھی انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔