پی ٹی آئی کا گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف وفاقی آئینی عدالت سے رجوع
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرلیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے وفاقی آئینی عدالت میں درخواست دائر کی ہے، جس میں 5 نومبر 2026 کو خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے دائر درخواستوں پر جاری کیے گئے حکم پر نظرثانی کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 نومبر کے عدالتی حکم سے پشاور ہائیکورٹ میں پہلے سے زیر سماعت آئینی درخواستوں کی کارروائی متاثر ہوئی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں اور دیگر درخواست گزاروں کو متعلقہ مقدمے میں فریق بنایا جائے تاکہ ان کا مؤقف بھی سنا جاسکے۔
درخواست میں گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق آئینی معاملات پر درخواست گزاروں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
وفاقی آئینی عدالت میں دائر درخواست میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف دائر درخواستوں کے سلسلے میں وزیراعلیٰ اور سپیکر کی رہائی کی استدعا بھی کی گئی ہے۔