الیکشن کمیشن کی 160 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری، متعدد پارٹی سربراہان کے نام حذف
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کردی ہے، جس کے مطابق ملک میں اس وقت 160 سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جاری کردہ نئی فہرست میں متعدد سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے نام حذف کردیے گئے ہیں۔
تازہ فہرست کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے سربراہ کا نام الیکشن کمیشن کے ریکارڈ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے لیے اکتوبر تک مہلت دی تھی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان سنی تحریک بھی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست میں شامل ہیں، تاہم دونوں جماعتوں کے سربراہان کے نام درج نہیں ہیں۔
اسی طرح پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ کا نام بھی تازہ فہرست سے حذف کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات اور پارٹی آئین میں ترمیم سے متعلق کیس تاحال زیر التوا ہے۔
نئی فہرست میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) بھی رجسٹرڈ سیاسی جماعت کے طور پر موجود ہے، تاہم اس کے سربراہ کا نام حذف کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان پارٹی کا نام بھی رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست میں ظاہر کردیا ہے، تاہم پارٹی سربراہ کا نام درج نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس سے قبل عوام پاکستان پارٹی کو رجسٹرڈ جماعتوں کی فہرست سے ڈی لسٹ کردیا تھا۔