Pakistan

سب راضی ہوں گے تو ہی نئے صوبے بنیں گے، عوام کی رائے ضروری ہے، محسن نقوی

سب راضی ہوں گے تو ہی نئے صوبے بنیں گے، عوام کی رائے ضروری ہے، محسن نقوی
۱ منٹ پہلے

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبے اسی صورت میں بنیں گے جب تمام متعلقہ فریق متفق ہوں گے، بصورت دیگر نئے صوبے نہیں بنائے جائیں گے۔

 

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے ہر سیاسی جماعت اور متعلقہ فریق کا اپنا مؤقف ہے، اس لیے اس معاملے پر تمام جماعتوں کی رائے لینا ضروری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے کا بہترین حل یہ ہے کہ عوام کی رائے حاصل کی جائے۔

 

وزیر داخلہ کے مطابق اگر اس مسئلے کا کوئی اور بہتر حل بھی موجود ہے تو اس کے لیے بھی عوام سے رجوع کرنا چاہیے۔

 

محسن نقوی نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے عوام کی جو بھی رائے ہوگی، وہ اس کی حمایت کریں گے۔

 

ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں ری سیٹ کے معاملے پر وہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک پیج پر ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن سمیت تمام سیاسی جماعتیں نہایت اہم ہیں اور ہم سب اکٹھے ہیں۔

 

محسن نقوی نے واضح کیا کہ کوئی بھی فیصلہ اختلاف کی بنیاد پر نہیں کیا جائے گا۔

 

ملک میں کرپشن سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ کرپشن پورے ملک میں موجود ہے اور اس کا خاتمہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

 

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کے اہل خانہ سے متعلق سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ ایک دو دن سے مختلف افواہیں گردش کررہی ہیں کہ معلوم نہیں کیا ہونے والا ہے اور کیا ہوسکتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے اہل خانہ کا جو قانونی حق ہے اور عدالت سے انہیں جو کچھ ملے گا، وہی انہیں دیا جائے گا۔

 

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ باقی تمام معاملات اسی طرح ہیں اور موجودہ صورتحال میں کوئی فرق نہیں آیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں