Pakistan

کراچی میں کروڑوں روپے کی مبینہ ڈکیتی ، متاثرہ شہری کو پولیس نے حراست میں لے لیا

کراچی میں کروڑوں روپے کی مبینہ ڈکیتی ، متاثرہ شہری کو پولیس نے حراست میں لے لیا
۴ گھنٹے پہلے

کراچی: کراچی کے علاقے گزری میں بینک سے رقم نکلوانے کے بعد کروڑوں روپے کی مبینہ ڈکیتی کا شکار ہونے والے شہری کو پولیس نے غیر ملکی خاتون کی شکایت پر حراست میں لے لیا۔

 

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ کے مطابق متعلقہ شہری ایک غیر ملکی خاتون کا ملازم ہے، جو اس وقت اسلام آباد میں مقیم ہے۔

 

ایس ایس پی ساؤتھ نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکی خاتون نے اپنے ملازم کو بینک سے نسبتاً کم رقم نکلوانے کی ہدایت کی تھی، تاہم ملازم نے پولیس کو زیادہ رقم نکلوانے اور لوٹے جانے کا بیان دیا۔

 

پولیس کے مطابق شہری نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان اس سے رقم سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ شہری نے پہلے ایک کروڑ روپے چھینے جانے کا دعویٰ کیا، تاہم بعد میں اپنا بیان تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ اس نے بینک سے تین کروڑ 75 لاکھ روپے نکلوائے تھے، جو ملزمان چھین کر لے گئے۔

 

پولیس حکام کے مطابق شہری مسلسل اپنے بیانات تبدیل کررہا ہے، جس کے باعث واقعے کی اصل نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

 

حکام نے بتایا کہ متعلقہ بینکوں سے رقوم کی منتقلی اور نکلوائی گئی رقم کی تصدیق کی جارہی ہے، جبکہ اب تک ایک کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کے شواہد ملے ہیں۔

 

پولیس کے مطابق شہری کے تین کروڑ 75 لاکھ روپے نکلوانے اور لوٹے جانے کے دعوے کی تاحال تصدیق نہیں ہوسکی۔

 

تحقیقات کے دوران مبینہ ڈکیتی کے طریقہ واردات سے متعلق بھی شہری کے بیانات میں تضاد سامنے آیا ہے۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری نے پہلے بیان دیا کہ مسلح ملزمان نے اسے روکا اور رقم چھین لی، تاہم بعد میں بتایا کہ ملزمان نے اس کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار کر روکا تھا۔

 

حکام کے مطابق شہری کا دعویٰ ہے کہ وہ اتنی بڑی رقم موٹرسائیکل کی ٹنکی پر رکھ کر لے جارہا تھا، جب مبینہ واردات پیش آئی۔

 

پولیس نے بتایا کہ غیر ملکی خاتون نے متعلقہ شہری کو حال ہی میں ملازمت پر رکھا تھا۔

 

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق شہری کے بیانات اور بینک ٹرانزیکشنز کی تصدیق کا عمل جاری ہے تاکہ مبینہ ڈکیتی اور رقم کی اصل صورتحال واضح ہوسکے۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی خاتون اس وقت اسلام آباد میں موجود ہے اور اس کی کراچی واپسی کے بعد تحقیقات میں مزید پیش رفت کا امکان ہے۔

 

حکام کے مطابق غیر ملکی خاتون کی شکایت پر اس کے ملازم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مبینہ ڈکیتی اور رقم سے متعلق دعوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں