ملک بھر کی عدالتوں میں خواتین کے لیے سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: ملک بھر کی عدالتوں میں خواتین سائلین کو محفوظ، باوقار اور قابل رسائی ماحول میں قانونی رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کے لیے ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کا اجلاس ہوا، جس میں خواتین کے لیے سہولت مراکز کے قیام سے متعلق پیش رفت اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطور چیئرمین لا اینڈ جسٹس کمیشن اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں میں ایک، ایک ویمن فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کیا جائے گا، جبکہ اسلام آباد میں بھی اس نوعیت کے مرکز کا قیام منصوبے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ان مراکز کا بنیادی مقصد خواتین سائلین کو ایک ہی جگہ معلومات، قانونی رہنمائی اور معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں عدالتی امور کے سلسلے میں مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
اجلاس میں رجسٹرار سپریم کورٹ، سیکرٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد، رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ ناصر خان، انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کی سابق چیئرپرسن رویدہ حمایت، نیسپاک کے جنرل منیجر فیصل مجید، وقار شیخ اور متعلقہ کمیٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔
چاروں صوبوں میں تعینات لا اینڈ جسٹس کمیشن کے ریذیڈنٹ ایڈیشنل سیکرٹریز اور ڈیزائن مقابلے میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والے آرکیٹیکٹس بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سال 2025-26 کے دوران عدالتی سہولیات کی فراہمی کے لیے کی گئی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتوں اور بار ایسوسی ایشنز کو بلاتعطل بجلی، ای لائبریریز، انٹرنیٹ اور پینے کے صاف پانی کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کی عدالتوں اور بار ایسوسی ایشنز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے مکمل کرلیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس کے مطابق سال 2026-27 میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کا قیام اہم ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان مراکز میں خواتین کو ایک ہی چھت تلے معلومات، رہنمائی اور قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ون ونڈو سہولت کے ذریعے خواتین سائلین کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے اور بار بار عدالت آنے کی ضرورت کم ہوگی۔
منصوبے کے تحت مراکز میں استقبالیہ، رہنمائی ڈیسک، آرام دہ انتظار گاہیں، صاف ستھرے واش رومز اور خواتین کے لیے علیحدہ مشاورتی کمرے قائم کیے جائیں گے۔
مراکز میں قانونی مشورے اور معاونت کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جبکہ ثالثی اور تنازعات کے متبادل حل کے لیے مخصوص جگہ مختص ہوگی۔
ضرورت مند خواتین کے لیے نفسیاتی اور سماجی معاونت کے ساتھ متعلقہ اداروں تک رسائی میں مدد فراہم کرنے کا انتظام بھی منصوبے میں شامل ہے۔
معذوری کی حامل خواتین کی سہولت کے لیے قابل رسائی داخلی راستے، ریمپس اور واضح رہنما علامات فراہم کی جائیں گی۔
ضرورت کے مطابق بچوں سے ملاقات اور باوقار رابطے کے لیے بھی مناسب جگہ مختص کی جائے گی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کا مقصد خواتین کی رازداری، تحفظ اور وقار کو یقینی بناتے ہوئے انصاف تک ان کی رسائی آسان بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان مراکز کے قیام سے خواتین کو عدالتی طریقہ کار سمجھنے اور اپنے قانونی حقوق حاصل کرنے میں درپیش عملی مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
چیف جسٹس نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کے تعاون سے ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کے ڈیزائن کے لیے ملک گیر مقابلہ منعقد کیا گیا تھا۔
مقابلے میں کامیاب ہونے والے تین بہترین ڈیزائن تمام ہائیکورٹس کو فراہم کردیے گئے ہیں تاکہ ہر علاقے کی ضروریات کے مطابق موزوں ڈیزائن اختیار کیا جاسکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ چاروں صوبوں کی متعلقہ ہائیکورٹس سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ پہلے چار مراکز کے قیام کے لیے جگہوں کی نشاندہی بھی کردی گئی ہے۔
چیف جسٹس نے نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کو مراکز کے قیام پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ نیسپاک اور انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کا اسلام آباد راولپنڈی چیپٹر مراکز کے ڈیزائن اور منصوبے پر عملدرآمد میں تعاون کریں گے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ہدایت کی کہ متعلقہ ہائیکورٹس کی مشاورت سے ویمن فیسیلیٹیشن سینٹرز کی بروقت تکمیل اور تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔