Breaking News

ملک بھر میں بارش، تیز ہواؤں، دھند اور برفباری کا امکان، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

ملک بھر میں بارش، تیز ہواؤں، دھند اور برفباری کا امکان، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
۴ گھنٹے پہلے

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک، دھند اور سموگ کے امکانات کے پیش نظر موسمی الرٹ جاری کردیا۔

 

این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب کے مختلف علاقوں اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

 

خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 

اتھارٹی کے مطابق نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، خانیوال، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور اور ملحقہ علاقوں میں رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

 

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

 

ان علاقوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی شامل ہیں۔

 

اس کے علاوہ خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

 

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔

 

اتھارٹی نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

 

پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

 

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش، برفباری اور ژالہ باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر پھسلن کے خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔

 

اتھارٹی نے پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے شہریوں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

متعلقہ اداروں کو بھی ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی صورتحال اور دیگر موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے متعلق مستند معلومات اور تازہ ترین الرٹس حاصل کرنے کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں