Breaking News

واٹس ایپ بزنس سے متعلق غلط معلومات دینے پر میٹا کو برطانیہ میں ساڑھے 4 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ

واٹس ایپ بزنس سے متعلق غلط معلومات دینے پر میٹا کو برطانیہ میں ساڑھے 4 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ
۴ گھنٹے پہلے

لندن: برطانیہ کے کمیونی کیشنز کے نگران ادارے آف کام نے واٹس ایپ بزنس سروس سے متعلق سرکاری تحقیقات کے دوران بار بار غلط اور نامکمل معلومات فراہم کرنے پر ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پر 4 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کردیا۔

 

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹا نے ٹیلی کمیونی کیشنز مارکیٹ کے جائزے کے دوران واٹس ایپ بزنس سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے متعدد مرتبہ غلط اعداد و شمار جمع کرائے۔

 

آف کام نے 2025 میں بلک ایس ایم ایس سروسز کی مارکیٹ کا جائزہ لیا تھا، جنہیں کاروباری ادارے بڑی تعداد میں صارفین کو پیغامات بھیجنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

 

اس جائزے کے دوران نگران ادارے نے میٹا سے واٹس ایپ بزنس کے ذریعے بھیجے جانے والے پیغامات کی تعداد اور اس سروس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے متعلق معلومات بھی طلب کی تھیں۔

 

آف کام کے مطابق میٹا کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں متعدد خامیاں، غلطیاں اور تضادات سامنے آئے۔

 

ادارے نے بتایا کہ یہ خامیاں درست اعداد و شمار فراہم کیے جانے سے قبل 11 ماہ تک برقرار رہیں۔

 

برطانوی نگران ادارے نے قرار دیا کہ میٹا نے دو الگ الگ تحقیقات کے دوران غلط اور نامکمل معلومات فراہم کرکے برطانیہ کے کمیونی کیشنز ایکٹ کے تحت عائد پانچ مختلف قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی کی۔

 

ان خلاف ورزیوں کی بنیاد پر آف کام نے میٹا پر 4 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈ کا مالی جرمانہ عائد کیا۔

 

دوسری جانب میٹا نے اپنے ردعمل میں کہا کہ کمپنی قانونی تقاضوں کی تعمیل کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور اس نے آف کام کی تحقیقات میں مکمل تعاون فراہم کیا ہے۔

 

برطانوی میڈیا کے مطابق میٹا، ٹک ٹاک اور ایکس نے اکتوبر میں برطانیہ کے آن لائن سیفٹی قوانین کے تحت آف کام کو اہم معلومات طلب کرنے کے حاصل اختیارات کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

 

تاہم تینوں ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اس قانونی کارروائی میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں