خیبر پختونخوا کی 26 جامعات مالی خسارے کا شکار، وفاق سے 18 ارب روپے گرانٹ کا مطالبہ
پشاور: خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات کے لیے وفاقی حکومت سے 18 ارب روپے کی گرانٹ طلب کرلی گئی، جبکہ صوبے کی 34 سرکاری جامعات میں سے 26 مالی خسارے کا شکار ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اس سلسلے میں وفاقی سیکریٹری تعلیم کو خط لکھ کر خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات کے لیے وفاقی مالی تعاون کی درخواست کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کی جامعات کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے مالی معاونت فراہم کرے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے وفاقی وزارت تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی جامعات کی مالی ضروریات کا معاملہ فنانس ڈویژن کے ساتھ اٹھایا جائے۔
خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ جامعات کو درپیش فنڈنگ کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم کا معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اس کے علاوہ مالی وسائل کی کمی سے غریب اور کم آمدن والے خاندانوں کے طلبہ کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
دستیاب اعدادوشمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر 34 سرکاری جامعات قائم ہیں، جن میں سے 26 اس وقت مالی خسارے کا سامنا کررہی ہیں۔
صوبے کی سرکاری جامعات کا مجموعی مالی خسارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔
خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات میں تقریباً 2 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات کی مالی مشکلات دور کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے معیار اور طلبہ کی رسائی کو برقرار رکھنے کے لیے وفاق سے مالی تعاون فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔