شالیمار ایکسپریس کے انجن میں خواجہ سراؤں کی ویڈیو حقیقی نکلی، ڈرائیورز سمیت چار افراد گرفتار
لاہور: شالیمار ایکسپریس کے انجن میں دو خواجہ سراؤں کے سفر کی وائرل ویڈیو کو جعلی قرار دینے کا ریلوے ترجمان کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا، واقعے کا مقدمہ درج کرکے ٹرین ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور دونوں خواجہ سراؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
شالیمار ایکسپریس کے انجن میں دو خواجہ سراؤں کے سفر کا واقعہ حقیقت ثابت ہوگیا، جبکہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے چار روز بعد مقدمے کے اندراج اور گرفتاریوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 4 اور 5 نومبر کی درمیانی شب ساہیوال سے لاہور آنے والی شالیمار ایکسپریس میں پیش آیا۔
مقدمے کے مطابق ٹرین ڈرائیور امتیاز اور اسسٹنٹ ڈرائیور ثقلین حیدر نے دو خواجہ سراؤں کو ٹرین کے انجن میں سوار کروایا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ دونوں خواجہ سراؤں نے شالیمار ایکسپریس کے انجن نمبر 9016 میں ساہیوال سے رائیونڈ تک سفر کیا۔
خواجہ سرا علی احمد عرف حانیہ سفر کے دوران اسسٹنٹ ڈرائیور کی نشست پر بیٹھے رہے، جبکہ محمد علی عرف علی جان نے انجن کے اندر سفر کی ویڈیو بنائی۔
یہ ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد واقعے سے متعلق سوالات اٹھائے گئے۔
دونوں خواجہ سراؤں کی جانب سے یوسف والا ریلوے سٹیشن پر بنائی گئی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔
ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ غیر متعلقہ افراد کو ریلوے انجن میں سوار کرکے ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور نے ریلوے قوانین کی خلاف ورزی کی۔
مقدمے کے مطابق اس اقدام سے ٹرین میں سوار مسافروں کی جان و مال کو بھی خطرے میں ڈالا گیا۔
واقعے پر مقدمہ نمبر 123/26 درج کیا گیا ہے، جس میں پاکستان ریلوے ایکٹ کی دفعات 101، 113 اور 120 شامل کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 34 اور 500 بھی شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے اندراج کے بعد ٹرین ڈرائیور امتیاز، اسسٹنٹ ڈرائیور ثقلین حیدر اور دونوں خواجہ سراؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان کے مطابق ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کو خواجہ سراؤں کو بغیر ٹکٹ انجن میں سفر کروانے اور ریلوے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ریلوے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ردوبدل کیا گیا ہے اور اسے جعلی قرار دیا تھا۔
تاہم ایف آئی آر میں درج تفصیلات سے اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ دونوں خواجہ سراؤں نے شالیمار ایکسپریس کے انجن میں سفر کیا تھا، جس سے واقعے کے بارے میں ریلوے ترجمان کا ابتدائی دعویٰ غلط ثابت ہوا۔
واقعے کی مزید تفتیش متعلقہ پولیس افسر کے سپرد کردی گئی ہے، جبکہ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔