ایف بی آر کراچی کے افسران اہلیت کے امتحان میں ناکام، سیلز ٹیکس میں کوئی 60 فیصد نمبر نہ لے سکا
کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ان لینڈ ریونیو ونگ میں تعینات سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس افسران کی پیشہ ورانہ اہلیت جانچنے کے لیے ہونے والے امتحانات کے نتائج میں سنگین کمزوریاں سامنے آئی ہیں۔
تربیتی جائزہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں تعینات متعدد افسران کی قانونی معاملات کو سمجھنے، ٹیکس احکامات کا جائزہ لینے اور درست فیصلے کرنے کی صلاحیتیں مطلوبہ معیار پر پوری نہیں اتریں۔
چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر کراچی میں تعینات ان لینڈ ریونیو افسران کی پیشہ ورانہ اہلیت جانچنے کے لیے امتحانات منعقد کیے گئے تھے۔
ان امتحانات میں گریڈ 17 سے 19 تک کے افسران نے حصہ لیا، جن میں سیلز ٹیکس کے 150 اور انکم ٹیکس کے 143 افسران شامل تھے۔
دونوں امتحانات اوپن بک تھے، جن میں افسران کو ٹیکس سے متعلق مسودہ احکامات میں غلطیوں کی نشاندہی کرنے اور ان کی قانونی وجوہ بیان کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کے امتحان میں شریک کوئی بھی افسر قابل قبول قرار دی گئی 60 فیصد نمبروں کی حد تک نہیں پہنچ سکا۔
دوسری جانب انکم ٹیکس کے امتحان میں صرف 4 افسران 60 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
سیلز ٹیکس کے امتحان میں افسران کا اوسط سکور 26.4 فیصد رہا، جبکہ انکم ٹیکس کے امتحان میں اوسط سکور 33.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
نتائج کے مطابق سیلز ٹیکس کے 47 اور انکم ٹیکس کے 16 افسران 20 فیصد سے بھی کم نمبر حاصل کرسکے۔
ٹیکس سے متعلق درست فیصلے جاری کرنے کی صلاحیت جانچنے کے لیے کیے گئے جائزے میں بھی افسران کی کارکردگی کمزور رہی۔
سیلز ٹیکس کے 150 افسران میں سے صرف 15 اپنے دستخط سے قانونی معیار کے مطابق فیصلہ جاری کرنے کے اہل قرار پائے۔
اسی طرح انکم ٹیکس کے 143 افسران میں سے صرف 14 درست فیصلہ کرنے کے مقررہ معیار پر پورے اترے۔
انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کی مشترکہ قابلیت کا امتحان دینے والے 139 افسران میں سے بھی صرف 4 افسران درست فیصلہ کرنے کی اہلیت کے معیار پر پورے اتر سکے۔
دوسرے افسران کے تیار کردہ کیسز اور احکامات کی جانچ پڑتال کے معاملے میں بھی نتائج حوصلہ افزا نہیں رہے۔
سیلز ٹیکس کے شعبے میں صرف 21 افسران دوسرے افسران کے تیار کردہ کیسز کے قانونی پہلوؤں کا مؤثر جائزہ لینے کے قابل پائے گئے۔
انکم ٹیکس کے شعبے میں یہ تعداد 28 رہی۔
رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کے 56 کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز میں سے صرف 4 افسران ٹیکس احکامات کی جانچ کے مقررہ معیار پر پورے اترے۔
اسی طرح انکم ٹیکس کے 53 کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز میں سے صرف 6 افسران مطلوبہ معیار پر پورے اتر سکے۔
مجموعی طور پر انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس دونوں شعبوں میں ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی دیگر عہدوں پر تعینات افسران کے مقابلے میں بہتر رہی۔
تربیتی جائزہ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ افسران کا اعلیٰ گریڈ بہتر پیشہ ورانہ صلاحیت کی ضمانت ثابت نہیں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق افسران عموماً مسودہ احکامات میں غلطیوں کی نشاندہی تو کرلیتے ہیں، تاہم ان غلطیوں کی قانونی وجوہ واضح کرنے میں کمزور ثابت ہوئے۔
سیلز ٹیکس کے امتحان میں غلطیوں کی نشاندہی سے متعلق 31 فیصد اندراجات ایسے تھے جن میں ان غلطیوں کی نشاندہی کی گئی جو اصل مسودوں میں موجود ہی نہیں تھیں۔
اسی طرح انکم ٹیکس کے امتحان میں بھی 24 فیصد اندراجات میں ایسی غلطیوں کی نشاندہی کی گئی جو متعلقہ مسودوں میں سرے سے موجود نہیں تھیں۔
رپورٹ کے مطابق دونوں امتحانات میں شریک 14 افسران کو مکمل دوبارہ تربیت کے بغیر کسی بھی ٹیکس کا کیس دینے کے قابل نہیں سمجھا گیا۔
تربیتی جائزہ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ افسران کو فیصلہ سازی، شواہد کی جانچ پڑتال اور قانونی وجوہ کی بنیاد پر ٹیکس احکامات تحریر کرنے کی خصوصی تربیت فراہم کی جائے۔
رپورٹ میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ افسران کو ذمہ داریاں صرف ان کے عہدوں کی بنیاد پر دینے کے بجائے ان کی جانچی گئی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مطابق تفویض کی جائیں۔
اس کے علاوہ ٹیکس احکامات کی جانچ پڑتال اور نگرانی کا نظام مزید مضبوط بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ نتائج ہر ٹیکس کے تین کیسز پر مشتمل امتحان کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔
اس لیے ان نتائج کو افسران کی مجموعی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا حتمی فیصلہ قرار دینے کے بجائے ابتدائی اشاریہ سمجھا جانا چاہیے۔