ذہن الجھا دینے والی ہالی وڈ فلم دی یوزؤل سسپیکٹس، 30 سال بعد بھی مقبولیت برقرار
ہالی وڈ کی بعض فلمیں اپنی پیچیدہ کہانی، پراسرار کرداروں اور غیر متوقع اختتام کے باعث ناظرین کے ذہنوں پر ایسے نقوش چھوڑتی ہیں کہ کئی برس گزرنے کے باوجود ان کے سوالات ختم نہیں ہوتے۔
ایسی فلموں کو ایک مرتبہ دیکھنا کافی نہیں ہوتا بلکہ کہانی کی باریکیوں اور چھپے ہوئے اشاروں کو سمجھنے کے لیے ناظرین انہیں بار بار دیکھنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
انہی فلموں میں 1995 میں ریلیز ہونے والی ہالی وڈ کی مشہور کرائم تھرلر فلم دی یوزؤل سسپیکٹس (The Usual Suspects) بھی شامل ہے، جس کی پراسرار کہانی اور حیران کن اختتام تین دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ناظرین کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔
فلم میں کیون سپیسی، گیبریل برن، بینیسیو ڈیل ٹورو، سٹیفن بالڈون اور کیون پولاک نے مرکزی کردار ادا کیے۔
فلم کی کہانی کیلیفورنیا کی ایک بندرگاہ پر بحری جہاز میں ہونے والے خوفناک دھماکے اور قتل عام کے گرد گھومتی ہے، جس میں صرف دو افراد زندہ بچتے ہیں۔
اس واقعے کی تحقیقات کے دوران کسٹم ایجنٹ ڈیو کوجان زندہ بچ جانے والے ایک جسمانی معذوری کے حامل مجرم راجر وربل کِنٹ سے تفتیش کرتا ہے، جس کا کردار کیون سپیسی نے ادا کیا۔
تفتیش کے دوران وربل کِنٹ ماضی کے واقعات بیان کرتا ہے کہ کس طرح پانچ پیشہ ور مجرم ایک پولیس لائن اپ میں اکٹھے ہوئے اور بعد میں انہوں نے مل کر ڈکیتی کا منصوبہ بنایا۔
کہانی آگے بڑھنے کے ساتھ یہ انکشاف ہوتا ہے کہ ان پانچوں مجرموں کو جرائم کی دنیا کے ایک پراسرار اور بے رحم شخص کائزر سوزی کے لیے کام کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔
فلم میں وربل کِنٹ کی زبانی بیان ہونے والے واقعات رفتہ رفتہ ایک ایسی پیچیدہ داستان کی شکل اختیار کرلیتے ہیں جس میں حقیقت اور دھوکے کے درمیان فرق کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
فلم کے اختتام پر کہانی ایسا غیر متوقع موڑ لیتی ہے جو ناظرین کو پہلے پیش آنے والے تمام واقعات کے بارے میں دوبارہ سوچنے پر مجبور کردیتا ہے۔
اس فلم کا سکرپٹ کرسٹوفر میک کواری نے تحریر کیا تھا، جنہیں اس کے نام کا خیال ہالی وڈ کی کلاسیک فلم کاسابلانکا سے آیا۔
کرسٹوفر میک کواری نے کاسابلانکا میں دی یوزؤل سسپیکٹس کا جملہ سنا تو انہیں محسوس ہوا کہ یہ کسی فلم کے لیے بہترین نام ہوسکتا ہے۔
انہوں نے اس نام کو پولیس لائن اپ میں کھڑے مجرموں کے تصور سے جوڑا اور بعد میں اسی بنیاد پر فلم کی کہانی تیار کی۔
فلم کے پراسرار کردار کائزر سوزی کا نام مصنف کے ایک سابق باس اور وکیل کیزر سومے کے نام سے متاثر ہوکر رکھا گیا تھا۔
فلم سے متعلق ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ اداکار کیون سپیسی نے سکرپٹ پڑھے بغیر ہی ہدایت کار برائن سنگر کے ساتھ اس فلم میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کردی تھی۔
بعد ازاں کرسٹوفر میک کواری نے وربل کِنٹ کا کردار خاص طور پر کیون سپیسی کے لیے تحریر کیا۔
فلم کی تیاری سے متعلق روایات کے مطابق ہدایت کار نے تمام مرکزی اداکاروں کو یہ یقین دلایا تھا کہ وہی فلم کے پراسرار ترین کردار کائزر سوزی کا کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ صرف ایک اداکار کو اصل حقیقت معلوم تھی۔
دی یوزؤل سسپیکٹس کو تقریباً 60 لاکھ ڈالر کے محدود بجٹ میں تیار کیا گیا تھا اور اس کی فلم بندی محض 35 دنوں میں مکمل کرلی گئی تھی۔
فلم کے کئی کلوز اپ شاٹس ہدایت کار برائن سنگر کے گھر کے پچھلے حصے میں فلمائے گئے تھے۔
فلم کا ایک مشہور منظر پولیس لائن اپ کا ہے، جسے ابتدا میں انتہائی سنجیدہ انداز میں فلمایا جانا تھا۔
تاہم اداکار بینیسیو ڈیل ٹورو کی مسلسل شرارتوں کے باعث دیگر اداکار بار بار ہنسنے لگتے تھے، جس سے منظر کی فلم بندی متاثر ہوتی رہی۔
بالآخر ہدایت کار برائن سنگر نے انہی ہنستے ہوئے مناظر کو فلم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ منظر دی یوزؤل سسپیکٹس کے یادگار ترین مناظر میں شامل ہوگیا۔