دنانیر مبین نے ماسکو میں بہترین اداکارہ کا عالمی ایوارڈ جیت لیا
ماسکو: پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل یوریشین فلم ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
ماسکو میں انٹرنیشنل یوریشین فلم ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی، جسے ڈائمنڈ بٹر فلائی فلم ایوارڈز کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔تقریب میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فنکاروں اور فلمی صنعت کی شخصیات نے شرکت کی۔
اس بین الاقوامی ایوارڈ شو میں پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین کو بھی بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا۔دنانیر مبین نے پاکستانی فلم میرا لیاری میں اپنی اداکاری کی بنیاد پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
ماسکو میں حاصل ہونے والا یہ اعزاز دنانیر مبین کے فنی سفر میں ایک اہم بین الاقوامی کامیابی ہے، جس کے ذریعے پاکستانی فلم کو بھی عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔فلم میرا لیاری میں کراچی کے علاقے لیاری کی ثقافت، مقامی زندگی اور کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
فلم میں خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع کو بھی نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے۔دنانیر مبین کو اسی فلم میں ان کی اداکاری پر انٹرنیشنل یوریشین فلم ایوارڈز کی جانب سے بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا۔