گاندھی خاندان سے متعلق متنازع پوسٹ، کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج
شملہ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ اور بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف گاندھی خاندان سے متعلق متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقدمہ جمعہ 13 نومبر کو شملہ میں مقامی شہری اور ریٹائرڈ کیپٹن اتل شرما کی شکایت پر درج کیا گیا۔شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کنگنا رناوت کے بیانات اشتعال انگیز ہیں اور ان سے عوامی امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ کنگنا رناوت نے 10 نومبر کو اپنے تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی اور ان کے بیٹوں سنجے گاندھی اور راجیو گاندھی کی اموات سے متعلق متنازع اشارے کیے گئے تھے۔
شکایت کنندہ نے پوسٹ میں کانگریس رہنما سونیا گاندھی کے حوالے سے استعمال کیے گئے الفاظ پر بھی اعتراض اٹھایا۔اتل شرما کے مطابق پوسٹ میں سونیا گاندھی کو مبینہ طور پر ایک پراسرار غیر ملکی شخصیت قرار دیا گیا اور گاندھی خاندان کے افراد کی یکے بعد دیگرے اموات کو ان کی بعد کی سیاسی حیثیت سے جوڑنے کا تاثر دیا گیا۔
شکایت کے مطابق پوسٹ میں طنزیہ انداز میں یہ تاثر بھی دیا گیا کہ واقعات کا یہ سلسلہ غیر معمولی طور پر آسان اور سہل رہا۔متنازع پوسٹ میں سنجے گاندھی کی موت کے بعد ان کی اہلیہ مانیکا گاندھی کے خاندانی رہائش گاہ چھوڑنے کا بھی حوالہ دیا گیا۔
شکایت کنندہ کا مؤقف ہے کہ اس نوعیت کا بیانیہ محض سیاسی تنقید کے دائرے سے باہر ہے اور اس سے عوام میں نفرت پھیلنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہونے اور امن عامہ کو خطرہ لاحق ہونے کا اندیشہ ہے۔
اتل شرما نے مزید الزام عائد کیا کہ متنازع پوسٹ گمراہ کن معلومات پھیلانے کے مترادف ہے، جس سے مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو ہوا مل سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریٹائرڈ کیپٹن اتل شرما نے جمعرات کی شام ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو ای میل کے ذریعے شکایت ارسال کی تھی۔شکایت میں کنگنا رناوت کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے اور متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کی مقررہ وقت میں سائبر فرانزک تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق معاملے میں عائد کیے گئے الزامات سمیت تمام پہلوؤں کی چھان بین کی جارہی ہے۔کنگنا رناوت کی متنازع پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب تقریباً 1981 کی ایک پرانی گھریلو ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ گردش کررہی تھی۔
اس ویڈیو میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی، سونیا گاندھی، مانیکا گاندھی اور کمسن راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی کو ایک ساتھ کھانے کی میز پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت کی متنازع سوشل میڈیا پوسٹ اسی روز سامنے آئی جس دن سونیا گاندھی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی۔