قطر اور ترکی کے درمیان دفاع سمیت 5 معاہدوں پر دستخط
استنبول: قطر اور ترکی نے باہمی دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں پانچ معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط کردیے، جبکہ دونوں ممالک نے پاکستان اور انڈونیشیا کے ساتھ دفاعی صنعتی تعاون سے متعلق بدر مفاہمتی یادداشت کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔
ترکی کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے مطابق صدر رجب طیب اردوغان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے استنبول میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ قطر اور ترکی کے درمیان طے پانے والا باہمی دفاعی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔
ترکی کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے مطابق دونوں ممالک کی سپریم سٹریٹیجک کمیٹی کے 12ویں اجلاس کے موقع پر پانچ معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط کیے گئے۔
ان میں قطر اور ترکی کے درمیان باہمی دفاعی معاہدہ، سپریم سٹریٹیجک کمیٹی کے 12ویں اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ امن، مصالحت اور تنازعات کے حل سے متعلق مفاہمتی یادداشت اور صارفین کے تحفظ و مارکیٹ نگرانی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دونوں ممالک کی سپریم سٹریٹیجک کمیٹی کے اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں قطر اور ترکی کے درمیان جاری تعاون، مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت اور مستقبل میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد، دفاعی صنعت میں اشتراک اور فوجی تربیت کے تبادلوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ باہمی دفاعی معاہدے کا مقصد مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا، علاقائی سلامتی اور استحکام کو فروغ دینا اور کسی ایک یا دونوں ممالک کو نشانہ بنانے والے بیرونی مسلح حملے کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا ہے۔
قطر اور ترکی نے پاکستان اور انڈونیشیا کے ساتھ طے پانے والی بدر مفاہمتی یادداشت کا بھی خیرمقدم کیا۔اعلامیے کے مطابق قطر، ترکی، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان یہ مفاہمتی یادداشت دفاعی پیداوار، ٹیکنالوجی کی ترقی، معلومات اور مہارت کے تبادلے اور دفاعی صنعتی تعاون کو فروغ دینے میں مدد دے گی۔
دونوں ممالک نے اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا اور مستقبل قریب میں دوطرفہ تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کا اعادہ کیا۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق قطر اور ترکی نے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور مختلف اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں ترکی میں قطری سرمایہ کاری اور قطر میں ترک کمپنیوں کے 20 ارب 80 کروڑ ڈالر مالیت کے 206 منصوبوں کو دونوں ممالک کے مضبوط اقتصادی تعلقات کی عکاسی قرار دیا گیا۔
دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں شراکت داری مزید بڑھانے، مائع قدرتی گیس یعنی ایل این جی کی تجارت کو فروغ دینے اور علاقائی توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
قطر اور ترکی نے مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، کوانٹم ٹیکنالوجی، خلائی تعاون اور تعلیم کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی حمایت پر بھی اتفاق کیا۔اجلاس میں علاقائی صورتحال، خصوصاً غزہ میں جاری انسانی بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے غزہ میں انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔قطر اور ترکی نے شہریوں کے تحفظ اور غزہ میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
اعلامیے میں اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں یہودی بستیوں کی تعمیر، زمینوں پر قبضے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی مذمت کی گئی۔دونوں ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی، جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کے اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔