بال ٹیمپرنگ سکینڈل میں کرکٹ آسٹریلیا ناقص تحقیقات کرکے بولرز کو بچا رہا ہے، ڈیوڈ وارنر
سابق آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر نے 2018 کے مشہور سینڈ پیپر سکینڈل کی تحقیقات پر ایک مرتبہ پھر کرکٹ آسٹریلیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بورڈ نے معاملے کی ناقص تحقیقات کیں اور ٹیم کے بولرز سے باقاعدہ پوچھ گچھ نہیں کی۔
ڈیوڈ وارنر نے دعویٰ کیا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ سکینڈل کی تحقیقات کے دوران فاسٹ بولرز جوش ہیزل ووڈ اور مچل سٹارک کے علاوہ سپنر نیتھن لائن کے انٹرویو نہیں لیے تھے۔
سابق آسٹریلوی بیٹر نے سوال اٹھایا کہ اگر واقعی ان تینوں بولرز سے تحقیقات کے دوران انٹرویو نہیں کیے گئے تو کرکٹ آسٹریلیا کس بنیاد پر یہ دعویٰ کرسکتا ہے کہ بولرز کو بال ٹیمپرنگ کے منصوبے کا علم نہیں تھا۔
وارنر کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے انداز سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کرکٹ آسٹریلیا نے پہلے ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ اس معاملے میں کن کھلاڑیوں کو ذمہ دار ٹھہرانا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے ناقص تحقیقات کی تھیں اور اب یہ غلط بیانیہ پیش کیا جارہا ہے کہ ٹیم کے بولرز کو بال ٹیمپرنگ کے منصوبے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔
واضح رہے کہ مارچ 2018 میں جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ کا واقعہ سامنے آیا تھا۔
میچ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی ساخت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ٹیلی ویژن کیمروں نے پکڑ لیا تھا۔
اس واقعے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں بڑا تنازع کھڑا ہوگیا تھا اور آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے تین کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان سٹیو سمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک ایک سال کی پابندی عائد کی تھی، جبکہ کیمرون بینکرافٹ کو نو ماہ کے لیے معطل کیا گیا تھا۔
حال ہی میں آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں سینڈ پیپر سکینڈل سے متعلق مؤقف اختیار کیا کہ اس معاملے میں مزید کھلاڑیوں کو بھی اجتماعی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے تھی۔
عثمان خواجہ کے ان بیانات کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ سکینڈل سے متعلق بحث ایک مرتبہ پھر شروع ہوگئی ہے۔ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے دعوؤں کی حمایت کرتے ہوئے انہیں 100 فیصد درست قرار دیا ہے۔
وارنر کے تازہ بیانات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کی 2018 میں کی گئی تحقیقات اور بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے دیگر کھلاڑیوں کی مبینہ آگاہی کا معاملہ دوبارہ زیر بحث آگیا ہے۔