Sports

میچ کے دوران ٹکر سے مخالف کھلاڑی کی ہلاکت کا سبب بننے والے گول کیپر پر 12 میچز کی پابندی

میچ کے دوران ٹکر سے مخالف کھلاڑی کی ہلاکت کا سبب بننے والے گول کیپر پر 12 میچز کی پابندی
۱ دن پہلے

میڈرڈ: سپینش فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی نے استوائی گنی کے گول کیپر جیسس اوونو پر میچ کے دوران مخالف کھلاڑی کی ہلاکت کا سبب بننے والے تصادم کے بعد 12 میچز کی پابندی عائد کردی۔

 

یہ افسوسناک واقعہ 2 نومبر کو سپین کے سیکنڈ ڈویژن میں ایف سی اندورا اور ٹینیرائف کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا تھا۔

 

میچ کے دوران گول کیپر جیسس اوونو اور ٹینیرائف کے فارورڈ جیسس ڈی میگوئل آپس میں ٹکرا گئے تھے، جس کے نتیجے میں ڈی میگوئل شدید زخمی ہوگئے۔

 

زخمی کھلاڑی کو تشویشناک حالت میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔تاہم جیسس ڈی میگوئل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اگلے روز انتقال کرگئے۔

 

سپینش فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق گول کیپر جیسس اوونو نے کھیل کے دوران مخالف کھلاڑی کے خلاف جارحانہ انداز اختیار کیا، جس کے نتیجے میں اسے سنگین چوٹ آئی۔

 

کمیٹی نے واقعے کی نوعیت، اس کی شدت اور میچ ریفری کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد انضباطی کارروائی کا فیصلہ کیا۔فٹبال حکام نے متعلقہ ضابطہ اخلاق کے تحت جیسس اوونو پر زیادہ سے زیادہ 12 میچز کی پابندی عائد کرنے کے ساتھ جرمانے کی سزا بھی سنائی۔

 

رپورٹس کے مطابق 25 سالہ گول کیپر جیسس اوونو اس واقعے کے بعد شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہیں۔واقعے کے بعد اوونو نے زمبابوے کے خلاف افریقی کپ آف نیشنز کے کوالیفائر میچ کے لیے استوائی گنی کی قومی ٹیم سے بھی دستبرداری اختیار کرلی تھی۔

 

ایف سی اندورا کے کوچ کارلوس مانسو کے مطابق گول کیپر نے ابھی تک دوبارہ فٹبال کھیلنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔کلب انتظامیہ نے جیسس اوونو کو اس مشکل وقت میں مکمل تعاون فراہم کرنے اور دوبارہ کھیلنے سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے ضروری مہلت دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں