محمد یوسف اور ثناء میر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد یوسف اور سابق ویمن کپتان ثناء میر کو پی سی بی ہال آف فیم 2025ء میں شامل کر لیا ہے۔
یہ اعزاز دونوں کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی اور پاکستان کرکٹ کے لیے غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا۔
محمد یوسف نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 381 میچز کھیل کر 17 ہزار 300 رنز بنائے۔
انہوں نے 2006ء میں ایک کیلنڈر سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں 1788 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
ثناء میر نے 226 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2432 رنز اسکور کیے۔
ان کی قیادت میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 2010ء اور 2014ء کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتے۔
ان دونوں کی شمولیت سے قبل پی سی بی ہال آف فیم میں 14 عظیم کرکٹرز شامل تھے، جن میں عبدالقادر، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم اور یونس خان سمیت دیگر نامور کھلاڑی شامل ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دونوں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی شاندار کارکردگی سے ملکی کرکٹ میں منفرد مقام بنایا۔