فجیرہ میں ہولناک ٹریفک حادثات، 14 افراد جاں بحق، 2 پاکستانیوں سمیت 30 زخمی
فجیرہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے 14 افراد اور 30 زخمیوں کی شناخت مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ زخمیوں میں دو پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ نے حادثات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی قومیتوں سے متعلق تفصیلات جاری کردی ہیں۔وزارت داخلہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے 14 افراد میں 10 اماراتی اور چار بھارتی شہری شامل ہیں۔
اماراتی حکام نے بتایا کہ حادثات میں مجموعی طور پر 30 افراد زخمی ہوئے، جن میں مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں۔زخمیوں میں آٹھ اماراتی، سات بھارتی، چھ عمانی اور دو پاکستانی شہری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ زخمی ہونے والوں میں دو اردنی، تین مصری اور دو برازیلی شہری بھی شامل ہیں۔اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق ریاست فجیرہ میں پیش آنے والے ان حادثات کے دوران مجموعی طور پر 23 گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثات کے اسباب اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے اماراتی استغاثہ نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثات شیخ خلیفہ روڈ پر مرمتی کام کے دوران پیش آئے۔
تفتیشی حکام حادثات کے وقت سڑک کی صورتحال اور پیش آنے والے تصادم کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔دوسری جانب ایک اور حادثے میں ملوث ٹرک ڈرائیور کو ہسپتال سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متعلقہ حکام نے زیر حراست ٹرک ڈرائیور کا پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس بھی ضبط کرلیا ہے۔پولیس اور استغاثہ نے حادثات کے عینی شاہدین اور زخمی ہونے والے افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کرلیے ہیں۔
تفتیشی حکام دستیاب شواہد کی روشنی میں حادثات کی وجوہات، واقعات کی ترتیب اور ممکنہ ذمہ داری کا تعین کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں پیش آنے والے ان ٹریفک حادثات میں 18 گاڑیاں اور پانچ ٹرک متاثر ہوئے تھے۔
اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاں بحق ہونے والے تمام 14 افراد اور 30 زخمیوں کی شناخت مکمل ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے، جبکہ حادثات سے متعلق استغاثہ کی تحقیقات جاری ہیں۔