تین ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا نیا ریکارڈ،381 ارب 82 کروڑجمع
اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی مالی سال کی ابتدائی سہ ماہی کے دوران پیٹرولیم لیوی کی ریکارڈ وصولی سامنے آئی ہے، وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے پہلے تین ماہ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 381 ارب 82 کروڑ روپے جمع کرلیے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں سرکاری دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی، یعنی جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولیاں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے اس عرصے میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 381 ارب 82 کروڑ روپے وصول کیے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں پیٹرولیم لیوی کی وصولیوں میں 10 ارب 21 کروڑ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس اضافے کے بعد مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پیٹرولیم لیوی کی وصولیوں کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مہنگائی، محدود آمدن اور بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان شہریوں کو پیٹرولیم لیوی کی صورت میں بھی اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی صارفین کے اخراجات میں اضافے کا باعث بنتی ہے، جبکہ ایندھن کی قیمتوں کے اثرات نقل و حمل اور دیگر معاشی سرگرمیوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ، یعنی جولائی اور اگست 2026 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 220 ارب روپے جمع کیے تھے۔
ستمبر کی وصولیاں شامل ہونے کے بعد مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی وصولیاں بڑھ کر 381 ارب 82 کروڑ روپے تک پہنچ گئیں۔
وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر ایک ہزار 676 ارب روپے، یعنی 1.676 ٹریلین روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
پیٹرولیم لیوی کے ذریعے قومی خزانے میں خطیر رقم جمع کی جارہی ہے، جبکہ اس کی وصولیوں میں اضافے کے ساتھ شہریوں پر مالی بوجھ کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے متعدد ادوار بھی ہوچکے ہیں۔